تعارف و تبصرہ کتب
ذکر المرسلین اردو ترجمہ قصص النبیین تالیف : مولانا یوسف ماما کفلیتوی قاسمی
ضخامت: تین جلد (۱۱۸۸ صفحات) ناشر: زمزم پبلشرز کراچی (03098204773)
جس طرح مفکر اسلام حضرت مولانا ابو الحسن علی ندوی صاحبؒ کی شخصیت، علمیت اور خدمات محتاجِ تعارف نہیں اسی طرح آپ کی تصنیفات اور تالیفات بھی محتاج تبصرہ و تعارف نہیں، آپ کی ہر کتاب علم و تحقیق کا ایک اعلیٰ نمونہ اور علوم ومعارف گنجینہ ہوتی ہے اور اسلوب نگارش بہت دلچسپ، دلنشین، شگفتہ اور مفید ہوتا ہے، آپ کی ایک بہترین کاوش قصص النبیین بھی ہے جو پانچ حصص پرمحیط ہے، یہ ایک عرصہ سے دینی مدارس میں داخل نصاب ہے جو ابتدائی طلبہ کو پڑھائی جاتی ہے، بچوں کو عربی زبان سیکھنے سکھانے کیلئے یہ بڑی اہمیت کی حامل کتاب ہے، اس کتاب کے اب تک کئی اردو ترجمے شائع ہوچکے ہیں اور ترجمے ،تشریح اور تسہیل کا یہ سلسلہ تا ہنوز جاری ہے۔
زیر تبصرہ کتاب ’’ذکر المرسلین اردو ترجمہ قصص النبیین‘‘ بھی اس سلسلہ کی ایک حسین کڑی ہے جس کا ترجمہ مولانا یوسف ماما کفلیتوی قاسمی نے کیا ہے ،مترجم موصوف نے سلیس ترجمہ کرکے عام فہم انداز میں طلبہ کو سمجھانے کی کوشش کی ہے اور حواشی میں مشکل الفاظ یا مقامات کے اسماء پر روشنی ڈالی ہے، جا بہ جا قوسین میں بعض مقامات کی تشریح بھی احسن طریقے سے کی ہے، یہ صرف ترجمہ نہیں بلکہ یہ قصص النبیین کی ایک شرح کی حیثیت رکھتی ہے، عربی سیکھنے سکھانے والے اساتذہ کرام اور طلباء کیلئے یہ انمول تحفہ اور قیمتی سوغات سے کم نہیں، سکول، کالج اور یونیورسٹی کے وہ طلبہ جو عربی زبان و ادب سے مناسبت رکھتے ہیں وہ بھی اس سے مستفید ہوسکتے ہیں، ارباب زمزم پبلشرز کراچی قابل صد تحسین ہے کہ انہوں اس اہم کتاب کو پاکستان میں شائع کرنے کی سعادت حاصل کی، اللہ تعالیٰ اس کاوش کو شرف قبولیت سے نوازے (آمین)
مرغوب المسائل تالیف: مولانا مفتی مرغوب احمد لاجپوری
ضخامت: ۲۴۴۹ صفحات( ۶ جلد) ناشر: زمزم پبلشرز، شاہ زیب سینٹر، مقدس مسجد، اردو بازار، کراچی
قرآن وحدیث سے مستنبط احکامات کو فقہ اسلامی کہا جاتا ہے جو قرآن کریم اور احادیث نبویہ کی تشریح و تفسیر ہے، فقہائے کرام نے قرآن وسنت سے مسائل و احکامات کا استنباط کرکے فقہ اسلامی کے نام کے ایک عظیم الشان ذخیرہ جمع کرکے مدون کیا ہے ان علما، فقہا اور مفتیان کرام نے ہر دور میں مختلف زبانوں میں بے شمار کتابیں لکھی ہیں اور یہ مبارک سلسلہ اب تک جاری وساری ہے اس سلسلہ کی ایک حسین کڑی مولانا مفتی مرغوب احمد لاجپوری صاحب کی رسائل فقہیہ پر مشتمل کتاب مرغوب المسائل بھی ہے جس میں انہوں نے فقہی مسائل پر مشتمل رسائل کو کتابی صورت میں جمع کر دیا ہے۔
زیر تبصرہ کتاب ’’مرغوب المسائل ‘‘ ۶جلدوں اور ۷۶رسائل پر مشتمل ہے ،مؤلف موصوف نے اس سے قبل بھی ضخیم کتابیں مرتب کرکے اہل علم سے داد تحسین وصول کی ہے، اللہ تعالیٰ نے آپ کو سیال قلم عطا فرمایا ہے،یہ مجموعہ بہترین تحقیقی رسائل جس میں عبادات، معاملات، معاشرت اور دیگر بہت سارے دینی موضوعات پر محیط ہیں۔ اللہ تعالیٰ ارباب زمزم پبلشرز کو جزائے خیر دے کہ انہوں نے اہل علم کے استفادے کے لئے یہ ضخیم علمی و فقہی ذخیرہ منظر عام پرلائے۔ فقہی رسائل کا یہ مجموعہ اس قابل ہے کہ اس کو ہر دار الافتا، لائبریری اور ہرگھر میں رکھ کر اس سے استفادہ کیا جائے۔
سہ ماہی ’’تجلیات فرید‘‘ مدیر اعلیٰ: پیر طریقت مولانا میاں محمد ایاز حقانی
ضخامت ۹۵ صفحات ناشر : دار العلوم اسلامیہ فریدیہ کانگڑہ شبقدر چارسدہ
دینی صحافت میں دینی مدارس کے رسائل و جرائد کا بڑا کردار رہا ہے، دینی تعلیمات اور اصلاح، علمی و تحقیقی مضامین کی نشر واشاعت میں دینی مجلات کا وافر حصہ ہے، جس سے اہل علم کے ساتھ عامہ الناس بھی مستفید ہوتے رہتے ہیں، دینی مدارس سے اب رسالے کثرت سے نکلتے ہیں اور اصلاح معاشرے کیلئے اپنی خدمات پیش کررہے ہیں، ان رسائل میں سے ایک رسالہ سہ ماہی ’’تجلیات فرید‘‘ بھی ہے جو جامعہ اسلامیہ فریدیہ چارسدہ سے نکلتا ہے۔ زیر تبصرہ مجلہ ’’تجلیات فرید‘‘ جامعہ حقانیہ کے ہونہار قدیم فاضل اور جدید عالم دین پیر طریقت حضرت مولانا میاں محمد ایاز حقانی صاحب کی ادارت میں شائع ہوتا ہے اس کے مدیر مسؤل جامعہ دارالعلوم حقانیہ کے استاد اور ماہنامہ ’’الحق‘‘ کے نائب مدیر مولانا سید حبیب اللہ شاہ صاحب ہیں یہ شمارہ ’’رمضان خصوصی نمبر‘‘ کے طور پر شائع کیا گیا ہے جس کے تمام مضامین لائق مطالعہ ہے ، مضامین کا بہترین انتخاب کیا گیا ہے، یہ مجلہ ایک اصلاحی علمی مجلہ ہے جس سے خواص اور عوام یکسان طور پر مستفید ہوسکتے ہیں، اللہ تعالیٰ اس کو شرف قبولیت سے نوازے (آمین)