تحقیق شناسی کے رہنما اصول :مناہج آدابتالیف : مولانا مفتی عبد اللہ فردوسضخامت :۱۳۶ صفحات ناشر: دار ابن الفردوس بخشالی مردان
تحقیق علم کی روح اور اس کی بقا کا ذریعہ ہے، یہ صرف معلومات جمع کرنے کا نام نہیں بلکہ مصادر و مراجع کے ساتھ فہم، نقد اور تجزیہ و تحقیق کے تقاضے پورے کرتے ہوئے علم کو ترقی دینے کا عمل ہے، عصر حاضر میں تحقیق کی رفتار تو بڑھی ہے لیکن اصول، آداب اور منہج سے ناواقفیت نے اس کو بے سمت بھی بنا دیا ہے، ایسے صورت حال میں اہل علم و تحقیق نے اصول تحقیق پر یا تحقیق شناسی کے موضوع پر ہر زبان میں بے شمار کتابیں لکھی ہیں اور یہ سلسلہ تاحال جاری ہے، اس سلسلے کی ایک کڑی مولانا مفتی عبداللہ فردوس کی کتاب بھی ہے ۔ زیر تبصرہ کتاب ’’تحقیق شناسی کے رہنما اصول: مناہج و آداب‘‘ دو ابواب پر مشتمل ہے، پہلے باب میں تحقیق کے وہ بنیادی اصول بیان کئے گئے ہیں جو ہر محقق کیلئے ناگزیر ہیں، جیسے غیر جانبداری، ماخذ کی تعیین، حوالہ نویسی اور نقل و نقد کی شرطیں، تحقیق کے جملہ متعلقات پر سیر حاصل روشنی ڈالی گئی ہے، دوسرا باب خاص طور پر اہم ہے جس میں مخطوطات کی تحقیق سے متعلق عملی اور فنی رہنمائی دی گئی ہے، نسخوں کے تقابل، تعلیقات، ضبط، کاتب کی پہچان اور محقق کی ذمہ داریوں جیسے اہم پہلوؤں پر مفصل اور مفید گفتگو کی گئی ہے، مولف موصوف نے سادہ اسلوب اور علمی زبان استعمال کرتے ہوئے موضوع کی مناسبت سے نہایت موزوں نکات پر بحث کی ہے، کتاب اصولی رہنمائی کے ساتھ عملی تجاویز اور سفارشات کا بھی جامع مرقع ہے، جو اس کی افادیت میں اضافہ کرتا ہے،مولانا مفتی عبداللہ فردوس صاحب کی یہ کاوش ان کی علمی پختگی، تحقیقی تجربے اور دردمندی کا ثبوت ہے، انہوں نے اس مختصر مگر جامع رسالے میں تحقیق کے فنی و اخلاقی پہلوؤں کو جس ترتیب، وضاحت اور سلاست سے پیش کیا ہے وہ قابلِ تحسین ہے، یہ کتاب محققین، اساتذہ اور علمی اداروں کیلئے یکساں طور پر نافع ہے ۔