علمی و فقہی مقالات

مولانا محمد اسلام حقانی

علمی و فقہی مقالات
تالیف: مولانا مفتی عبید الرحمن
ضخامت : ۶ جلد(۲۸۲۷) صفحات
ناشر: مکتبہ القاسم شیرگڑھ مردان 
علمی اور فقہی مقالات کے مجموعے اسلامی علوم کی روایت میں ایک ایسا معتبر و مستند ذریعہ ہے جو نہ صرف علمی ذخیرے میں اضافے کا باعث بنتے ہیں بلکہ امت کی فکری رہنمائی میں بھی سنگ میل کی حیثیت رکھتے ہیں، مقالات کی اہمیت اس پہلو سے بھی دوچند ہو جاتی ہے کہ یہ مسائلِ حاضرہ، علمی ابحاث، فقہی نظریات اور دینی اصطلاحات پر ایک صاحبِ علم کی ذاتی تحقیق و بصیرت کا نچوڑ ہوتے ہیں، جن سے علمی حلقوں کو براہ راست استفادے کا موقع میسر آتا ہے، جب ایک صاحبِ نظر اور صاحب بصیرت عالم دین، مفتی اور فقیہ کسی موضوع پر قلم اٹھاتا ہے تو وہ محض معلومات کا انبار نہیں ہوتا بلکہ اس میں تحقیق کی جولانی، فقہی نکتہ رسی اور دینی بصیرت کی گہرائی بھی سمائی ہوئی ہوتی ہے، ایسا ہی ایک شاندار اور علمی ،فقہی لحاظ سے وقیع مقالات کا مجموعہ حضرت مولانا مفتی عبید الرحمن صاحب (رئیس دارالافتاء والارشاد مردان)کا بھی ہے، مفتی صاحب جید عالم دین و مفتی ہونے کیساتھ ساتھ بہترین محقق اور صاحب بصیرت مصنف بھی ہیں۔
زیر تبصرہ کتاب ’’علمی و فقہی مقالات‘‘ ایک علمی و فقہی شاہکار ہے، یہ مجموعہ اس بات کی روشن دلیل ہے کہ مؤلف موصوف نے اپنی زندگی کے قیمتی مہ و سال کے بے شمار کتب کے گہرے مطالعے اور فقہی بصیرت کی روشنی میں امت کو وہ علمی تحفہ دیا ہے جو کئی نسلوں کیلئے مشعلِ راہ بن سکتا ہے، ہر جلد میں شامل مضامین مربوط، مدلل اور تحقیقی انداز میں تحریر کئے گئے ہیں،یہ مقالات مختلف موضوعات پر لکھی گئی کئی تصانیف کا نچوڑ ہیں، ان مقالات کی سب سے بڑی خوبی یہی ہے کہ یہ سینکڑوں صفحات کے علمی مواد کا خلاصہ اور ہر ہر مقالہ اپنی جگہ ایک مستقل رسالے یا کتاب کا درجہ رکھتا ہے، اندازِ بیان میں سلاست، استدلال میں پختگی اور اسلوب میں اعتدال نمایاں ہے۔
اس کاوش کی جلد اول میں کتاب الایمان والعقائد سے متعلقہ مباحث ،۳۲مقالات شامل ہیں، جبکہ جلد دوم میں ۳۶مقالات شامل ہیں جو شرعی اصطلاحات، اصولی و فروعی مباحث، اصول فقہ، حدیث کی حجیت، علمِ کلام، تقلید، تحریف، فضائل و مناقب اور دیگر فقہی و اصولی مسائل پر محیط ہیں۔ جلد سوم میں کتاب الصلوٰۃ، الزکوٰۃ، الصوم، الایمان و النذور، الوقف جیسے ابواب سے متعلق ۳۵ مقالات شامل کیے گئے ہیں،جبکہ جلد چہارم ۳۳مقالات پر مشتمل ہے، جن میں دستاربندی کی شرعی حیثیت، اوقاف کی تولیت، شرکت و مضاربت، بیوع، ربا، دین اور اجارہ جیسے اہم اقتصادی و معاشرتی مسائل کو زیر بحث لایا گیا ہے، جلد پنجم میں الامارہ والسیاسہ، الجنایات، الاضحیہ، الحظر و الاباحہ جیسے اہم ابواب پر ۳۲مقالات شامل ہیں، جبکہ جلد ششم میں انسانی زندگی سے متعلقہ مسائل مثلاً معانقہ، مصافحہ، عورتوں کی زینت، تغیر خلق اللہ، امتحانات میں نقل، عید میلاد النبیؐ، اسراف و تبذیر، تصویر سازی اور سیر و تفریح جیسے سماجی، اخلاقی اور جدید دور سے جڑے ۲۸ متفرق موضوعات شامل کئے گئے ہیں۔
یہ اہم علمی و فقہی کاوش نہ صرف مدارسِ دینیہ کے اساتذہ اور طلبہ کے لئے مشعلِ راہ ہے بلکہ عصر حاضر کے دانشور، محققین، فکری رہنما اور عصری جامعات کے اساتذہ و طلبہ بھی اس سے یکساں فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ اس میں فقہی گہرائی، اصولی بصیرت، اور اعتدالِ فکر ہر مقالے سے جھلکتا ہے، یقینا مفتی عبید الرحمن صاحب کی یہ علمی کاوش ایک ایسا علمی خزانہ ہے جس کی نظیر آج کے دور میں بہت کم دیکھنے کو ملتی ہے۔ اس پر یہ کہنا بے جا نہ ہوگا کہ یہ مجموعہ جدید اور قدیم علمی ذخیرے کا حسین امتزاج اور فکری استقامت و فقہی بصیرت کی مظہر ہے۔ اللہ تعالیٰ مؤلف کی اس کوشش کو قبول فرمائے (آمین)