ماہنامہ ’’الحق‘‘ آن لائن ویب سائٹ کا آغاز
مولانا راشدا لحق سمیع”
مدیراعلیٰ ماہنامہ ’’الحق‘‘
عہد جدید کے نئے تقاضوں اور نت نئی سائنسی تحقیقات، ایجادات اور علم و تحقیق کے نئے نئے زاویوں،ضابطوں اور جدید اصولوں سے انکارنہیں کیا جاسکتا،جدید آلات کا استعمال، دین کی نشرواشاعت میں ممد و معاون ثابت ہوسکتے ہیں۔ جامعہ حقانیہ ، ادارہ مؤتمر المصنفین اور ماہنامہ ’’الحق‘‘ کے اربابِ اہتمام شروع دن ہی سے نئے عہد میں آنے والی نئی تمام مثبت تبدیلیوں کا خیرمقدم کرتے چلے آرہے ہیںاسی سلسلے میں دارالعلوم کے نظام تعلیم میں بھی ہر قسم کی اصلاحی اور عصری تبدیلیوں کا وقتاً فوقتاً خیرمقدم کیا جاتا ہے۔ عصر ِ حاضر میں کچھ عرصے سے انٹرنیٹ ،موبائل،سوشل میڈیا،کمپیوٹر اوردیگر جدید ٹیکنالوجی کے آلات و ذرائع ابلاغ سے جہاںہمارے معاشرے میں منفی چیزوں کا ایک سیلاب اُمڈ آیا ہے وہیں اِن چیزوں سے بہت سی مثبت اور تعمیری،علمی و تحقیقی کام بھی سامنے آرہے ہیں، مثال کے طور پر کتابوں کا مطالعہ اورمکتوب نگاری کا کام ہرآنے والے دن کے ساتھ سکڑتا چلا جارہا ہے اور آئندہ پانچ دس برس میںبدقسمتی سے کتاب اور قلم کاکردار اور اہمیت مزید خطرے سے دوچار ہوجائے گا، انہی خطرات اور چیلنجز سے نمٹنے کے لئے مغربی دانشور،ادیب ، پروفیسر ،محققین اور علمی و تحقیقاتی اداروں نے اپنے تمام علمی اثاثوں، لائبریریوں کو کمپیوٹر، انٹرنیٹ،سوشل میڈیا،گوگل،یوٹیوب وغیرہ پر اَپ لوڈ کردیا ہے اور انہیں بہت ہی ارزاں اور چھوٹی سی ڈیوائس (یو ایس بی ،میموری کارڈز) میں سمو دیا ہے بلکہ یوں کہیے کہ انہوں نے واقعتا محاورے سے بڑھ کر عملی طور پر علمی سمندروں کو کوزے میں بند کردیا ہے لہٰذا کافی عرصے سے راقم السطور یہ ضرورت محسوس کررہا تھا کہ دارالعلوم حقانیہ کی تمام تصنیفات، تالیفات ،ماہنامہ ’’الحق‘‘ اور قدیم و تاریخی دارالعلوم کی مرکزی لائبریری کو بھی ڈیجیٹل کمپیوٹرائزڈسرچ ایبل لائبریری میں منتقل کردیا جائے ،اس پراجیکٹ پر کافی کام ہوچکا ہے۔
الحمدللہ جامعہ دارالعلوم حقانیہ کا علمی،ادبی ودینی ترجمان مجلہ ’’الحق‘‘ جوکہ ۵۹ سال سے مسلسل شائع ہورہا ہے، حضرت والد ماجد مولانا سمیع الحق شہیدؒ کی ادارت میں اس مجلہ نے علمی ،ادبی اوردینی حلقوں میں اپنی ایک منفرد حیثیت قائم کئے رکھی ہے۔نئے زمانے اور نئے حالات کے پیش نظر ماہنامہ ’’الحق‘‘ اب ڈیجیٹل دنیا میں آن لائن (ویب سائٹ) کی صورت میں بھی پیش کردیا گیا ہے۔ اب صرف ایک بٹن اور کلک کے ذریعے سے ’’الحق‘‘کے بیش قیمت مضامین پڑھے جاسکتے ہیں۔ اس ویب سائٹ میں ہر ماہ نیا شمارہ اَپ لوڈ کیا جائے گااسی طرح اکتوبر ۱۹۶۵ء کے پہلے شمارے سے لے کر اکتوبر۲۰۲۴ء تک تمام شمارے دستیاب ہیں۔ آپ اپنے پسندیدہ مضامین کو یونی کوڈ اورپی ڈی ایف فارمیٹ میں ملاحظہ اور انہیں ڈاؤن لوڈ بھی کرسکتے ہیں ۔ یہاں قارئین کو علمی مضامین کے ساتھ ساتھ جامعہ دارالعلوم حقانیہ کی تازہ ترین معلومات اور احوال و شب و روز وغیرہ بھی دیکھنے کو ملیں گے، اس کے علاوہ معروف اہل علم و قلم کے تحقیقی مضامین، جن میں تفسیر، حدیث، فقہ، تصوف ،تاریخ، سیرت اور دیگر جدید موضوعات شامل ہیں جن سے آپ استفادہ نہایت ہی آسان اور مفت طریقے سے کر سکتے ہیں اس کے علاوہ ہر ماہ کا شمارہ براہِ راست اپنے ای میل پر بھی قارئین موصول کر سکتے ہیں اور اسکے ذریعے عوام و خواص اور طلباء کے سوالات کے جوابات دینے کیلئے علماء سے براہ راست رابطے کی سہولت بھی موجود ہوگی۔اس ویب سائٹ پر اَپ لوڈنگ کا کام مولانا مفتی یاسر نعمانی اور جناب بابرحنیف،جناب شاہد حنیف ،جناب زاہد وغیرہ سرانجام دے رہے ہیں اور اس پر مزید بہتری لانے کاکام بھی جاری ہے۔ https://alhaqonline.com ویب سائٹ لانچ ہوچکی ہے۔اب قارئین اس کا وزٹ ہر وقت کرسکتے ہیں اور اپنی علمی و دینی پیاس بجھا سکتے ہیں ۔ساٹھ سال کا طویل عرصہ طے کرنے کے بعد ’’الحق‘‘ نے آسمان علم و معرفت پر کمندیں ڈالنے کے بعد اب نئے انداز اور نئی جدت کیساتھ انٹرنیٹ کے افق پر جلوہ افروز ہوا ہے۔اس کامیابی میں بانی ’’الحق‘‘ حضرت مولانا سمیع الحق شہیدؒ ،حضرت مولانا عبدالقیوم حقانی صاحب، حضرت مولانامحمد ابراہیم فانی صاحب ؒ، جناب شفیق الدین فاروقی صاحب ؒ،جناب نثار محمد مرحوم اور کئی دیگر اہم کارکنان ،کاتب حضرات اور خصوصاً مضمون نگار حضرات کی سیاہی کے ساتھ ساتھ ان کا خون جگر بھی اس گلشن کی آبیاری اور سربلندی میں شامل ہے۔
یہ نصف صدی کا قصہ ہے دو چار برس کی بات نہیں
وَ اللّٰہُ یَقُوْلُ الْحَقَّ وَ ھُوَ یَھْدِی السَّبِیْلَ
وَ مَا تَوْفِیْقِیْٓ اِلَّا بِاللّٰہِ عَلَیْہِ تَوَکَّلْتُ وَ اِلَیْہِ اُنِیْبُ