مولانا محمد اسلام حقانی
نائب مدیر ماہنامہ ’’الحق‘‘
رحمت عالم صلی اللہ علیہ وسلم مصنف: علامہ سید سلیمان ندویؒ
ضخامت: ۱۵۱صفحات ناشر: زمزم پبلشرز کراچی
آقائے نامدار صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت مبارکہ پر جس طرح عربی زبان میں بے شمار کتابیں مقالات اور مضامین لکھیں گئیں ہیں اسی طرح اردو زبان بھی سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم پر لکھی گئی کتابوں مقالات اور مضامین سے مالا مال ہیں، اردو زبان میں سیرت نبوی پر جید اہل علم وقلم نے بے شمار کتابیں تصنیف کیں ہیں، اردو زبان میں سیرت نگاری کے فہرست میں علامہ سید سلیمان ندوی قدس سرہ کا نام سر فہرست ہے، انہوں علامہ شبلی نعمانیؒ کی سیرت النبیؐ کی تکمیل کی ’’خطبات مدراس ‘‘کے نام سے سیرت نبوی صلی اللہ علیہ وسلم پر علمی انداز میں شاندار خطبات دیئے۔
زیر تبصرہ کتاب ’’رحمت عالم صلی اللہ علیہ وسلم‘‘ بھی علامہ سید سلمان ندوی کی تصنیف لطیف ہے جو انہوں نے بچوں کے لئے لکھی، اس کتاب میں انہوں نے بچوں اور عام پڑھے لکھے لوگوں کی ذہنی سطح کے مطابق سیرت النبی کو مختصر مگر جامع انداز میں نہایت سہل اور سادہ زبان میں لکھنے کی کوشش کی ہے تاکہ بچے اور عام پڑھے لوگ بھی سیرت طیبہ سے آسانی سے مستفید ہوکر سیرت طیبہ کی نور سے منور ہو جائیں اور اپنے آپ کو اسی سانچے میں ڈھالنے کی کوشش کریں،ادارہ زمزم پبلشرز کراچی نے اس بہترین کاوش کو اعلی انداز میں شائع کیا ہے۔اس اعلیٰ طباعت پر ادارہ زمزم لائق صد تحسین ہے۔