دارالعلوم کے شب و روز

صاحبزادہ عبدالحق ثانی

بین الاقوامی شہرت یافتہ دانشورپروفیسر ڈاکٹر حسن عباس کی دارالعلوم آمد

۱۵؍دسمبر بروز اتوار عالمی امور کے ماہرپروفیسر ڈاکٹر حسن عباس صاحب جامعہ دارالعلوم حقانیہ تشریف لائے، آپ کے ہمراہ مولانا محمد اسرار مدنی صاحب (چیئرمین انٹرنیشنل ریسرچ کونسل فار ریلیجیئس افیئرز) اے ایس پی عامر شہزاد صاحب اور مولانا تحمید جان حقانی تھے، مدیر’’الحق‘‘مولانا راشد الحق سمیع صاحب نے معزز مہمانوں کا استقبال کیا اور اپنے دفتر میں تفصیلی ملاقات کے بعد دارالعلوم کی وسیع و عریض جدید لائبریری میں شعبہ تخصصات کے شرکا کو جناب ڈاکٹر حسن عباس صاحب نے ’’ عالمگیریت اور مسلم فکر کو درپیش چیلنجزمواقع و امکانات ‘‘کے موضوع پر تقریبا سوا گھنٹہ پرمغز علمی لیکچر دیا۔

گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کی نائب مہتمم مولانا حامد الحق حقانی سے ملاقات

۲۹؍نومبر: گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی والد محترم حضرت مولانا حامد الحق حقانی مدظلہ امیر جمعیت علما اسلام ونائب مہتمم جامعہ دارالعلوم حقانیہ سے ملاقات کیلئے تشریف لائے۔ گورنرنے۵؍ دسمبر کو گورنرہاؤس پشاور میں ہونے والی آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی جسے حضرت والد صاحب مدظلہ نے قبول کیا،کانفرنس کا عنوان صوبائی حقوق و امن امان سمیت دیگر اہم ایشوز پر لیڈر شپ کا اظہار خیال تھا، ملاقات میں ملکی اور صوبائی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔بعد ازاں دونوں رہنماؤں نے مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب بھی کیا ۔اس موقع پر مولانا سید محمد یوسف شاہ، حافظ عبد الرفیع، راقم عبدالحق ثانی، حاجی نور حبیب وبرادران و دیگر حضرات شریک تھے۔سفر عمرہ کی وجہ سے مرکزی امیر مولانا حامد الحق حقانی مدظلہ کانفرنس میں شرکت نہ کرسکے جبکہ ان کی نمائندگی جماعتی وفد مولانا سید یوسف شاہ،صوبائی امیر مولانا عبدالوحد، مولانا عرفان الحق، حافظ عبدالرافیع صاحبان نے اجلاس میں شرکت کی اور اپنی تجاویزپیش کیں۔جس پر گورنر کے پی جناب فیصل کریم کنڈی صاحب نے شکریہ ادا کیا۔