سیرۃ الحبیب صلی اللہ علیہ وسلم

مصنف: پیر محمد طاہر حسین قادری

مولانا محمد اسلام حقانی
نائب مدیر ماہنامہ ’’الحق‘‘

سیرۃ الحبیب صلی اللہ علیہ وسلم

مصنف:  پیر محمد طاہر حسین قادری

ضخامت: ۲۴۴ صفحات

 ناشر: کتب خانہ ابن کرم ریاض الکرم اسلامک اکیڈمی خانقاہ منگانی شریف جھنگ

سردار دو جہاں حضرت محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت مبارکہ ایک جلیل القدر اور عظیم الشان موضوع ہے کہ چند صفحات میں اس کی وسعتوں اور اطراف کا احاطہ نہیں کیا جا سکتا، اللہ تعالیٰ نے اپنے محبوب نبی رسالت مآب صلی اللہ علیہ وسلم کو پوری انسانیت کا ہادی و رہبر، آقا و رہنماء بنایا تو اس میں یہ صفت جاذبیت بھی ودیعت کر دی کہ آپ کے امتیوں میں سے (خواہ اس کا تعلق کسی بھی ملک، قوم، زبان، مسلک اور مکتب فکر سے ہو) ہر ایک کی کوشش ہوتی ہے کہ وہ اپنے علم و فہم کے مطابق حیات نبوی صلی اللہ علیہ وسلم پر خامہ فرسائی کرکے کچھ نہ کچھ آقائے نامدار صلی اللہ علیہ وسلم کی عقیدت و محبت میں لکھے، رسالت مآب صلی اللہ علیہ وسلم کی بعثت کے بعد سے آج تک سیرت مبارکہ پر مختلف اسالیب میں مختلف اساطین علم وقلم نے بے شمار کتابیں، مقالات اور مضامین لکھے ہیں اور
تاہنوز یہ مبارک سلسلہ جاری ہے، احسان وسلوک (تصوف)سے وابستہ اہل علم وقلم نے بھی مختلف ادوار میں سیرت کے موضوع پر کچھ ضخیم کچھ مختصر کتابیں لکھی ہیں، اس سلسلہ کی ایک کڑی پیر محمد طاہر حسین قادری صاحب کی کتاب بھی ہے۔
زیر تبصرہ کتاب ’’سیرۃ الحبیب صلی اللہ علیہ وسلم ‘‘رسالت مآب صلی اللہ علیہ وسلم کی حیات مبارکہ پر ایک مختصر اور جامع کتاب ہے جس میں مصنف موصوف نے سیرت نبوی صلی اللہ علیہ وسلم کے مختلف پہلوؤں پر نہایت جامع اور سہل انداز میں روشنی ڈالی ہے، جس کا اسلوب نہایت سادہ، جامع اور دل پذیر ہے، مصنف موصوف ایک مایہ ناز محقق و مصنف ہیں، اس سے قبل بھی آپ کے کئی کتابیں منصہ شہود پر آکر اہل علم سے داد تحسین وصول کر چکے ہیں، اس کتاب میں انہوں نے عام قاری کی ذہنی سطح کو ملحوظ رکھ کر علمی و فنی پہلوؤں سے حتی المقدور گریز کیا ہے تاکہ عامۃ الناس بھی سہولت کے ساتھ رسالت مآب صلی اللہ علیہ وسلم کی حیات او رسیرت طیبہ سے آگہی حاصل کر سکے، یہ اپنے موضوع پر اچھی کاوش اور ذخیرہ کتب سیرت میں ایک مفید اضافہ ہے جس سے عامہ الناس بھی مستفید ہوسکتے ہیں۔