ناموں کے اثرات کی شرعی حقیقت اور اہم مسائل

مولف مولانا مفتی سید انوارشاہ

مولانا محمد اسلام حقانی
نائب مدیر ماہنامہ ’’الحق‘‘

ناموں کے اثرات کی شرعی حقیقت اور اہم مسائل

مولف :مولانا مفتی سید انوارشاہ
ضخامت:۴۰۲ صفحات

ناشر مکتبہ الحماد سلام مارکیٹ نزد جامعہ علوم اسلامیہ بنوری ٹاؤن کراچی/ 03343455955

اسلام انسانوں کی زندگی کی تمام پہلوؤں سے متعلق مکمل رہنمائی فراہم کرتا ہے اور زندگی کے ہر شعبے کے متعلق احکامات اور ہدایات صادر کرتا ہے خواہ وہ کوئی بھی کام یا امر ہو، انسان کی پیدائش سے لے کر موت کے بعد تجہیز و تکفین تک اسلامی تعلیمات نے مکمل رہنمائی کی ہے، انہی امور میں ایک امر یا عمل انسان کی پیدائش کے بعد ان کا نام رکھنا بھی ہے، نام انسان کے تعارف کا ذریعہ ہے، اس کے ذریعے وہ مخاطب کیا جاتا ہے، اسی سے انسان کی معاشرے میں شناخت ہوتی ہے بغیر نام کے شناخت اور پہچان ناممکن ہے اور یہ نام رکھنے کا سلسلہ کوئی نئی بات نہیں بلکہ یہ سلسلہ ورود آدمؑ لے کر اب تک جاری ہے لہٰذا شریعت اسلامیہ کی تعلیمات یہ ہے کہ بچے کی پیدائش پر ان کا بہترین، بامعنی اور دلکش نام رکھنا والدین کی ذمہ داری ہے اور اولاد کا حق ہے کہ والدین اس پر اچھا، دلکش اور بامعنی
نام رکھے۔ اس سلسلے میں اسلامی تعلیمات (احادیث مبارکہ فقہ اسلامی کی کتابیں) میں جگہ جگہ بہت سارے احکامات اور ہدایات موجود ہیں اور اس سلسلہ میں بعض اہل علم و قلم نے مستقل کتابیں بھی لکھیں ہیں اس سلسلے کی ایک کڑی مولانا مفتی سید انوارشاہ صاحب کی کتاب بھی ہے۔
زیر تبصرہ کتاب ’’ناموں کے اثرات کی شرعی حقیقت اور اہم مسائل‘‘ میں مولف موصوف اسلامی ناموں کے متعلق اسلامی تعلیمات ،احکامات اورمسائل کو نہایت سلیقے سے جمع کرکے مرتب کیا، نام کنیت اور القاب کے موضوع پر تفصیلی کام کیا ہے، اس موضوع کے متعلق جملہ احکام و تعلیمات کو پیش کیا ہے، ناموں کے معانی، مصادر، اثرات اور خصوصیات پر سیر حاصل بحث کی ہے،یہ اپنے موضوع پر بہترین ،مفصل اور تحقیقی کتاب ہے، اللہ شرف قبولیت سے نوازے۔