کبیرہ گناہ: اسباب، نقصانات اور علاج

مولانا محمد اسلام حقانی
نائب مدیر ماہنامہ ’’الحق‘‘

کبیرہ گناہ: اسباب، نقصانات اور علاج

تصنیف:  مولانا مفتی عبید الرحمن

ضخامت: ۲۲۷ صفحات ناشر: مکتبہ دار التقویٰ مردان  03009326101

اسلام ایک جامع، مکمل اور کامل دین ہے جس کی آفاقی تعلیمات میں انسانوں کی ہر قسم کی رہنمائی کئی گئی ہے، ان آفاقی تعلیمات میں کچھ اوامر ہیں جن کی تعمیل اور کرنے کا حکم دیا گیا ہے اور کچھ نواہی (جس کو منہیات بھی کہا جاتا ہے) ہیں، جن کے ارتکاب سے منع کیا گیا ہے ، اب اوامر کی تعمیل نہ کرنا اور نواہی سے اجتناب نہ کرنا گناہ کہلاتا ہے، ان گناہوں کو اہل علم نے قرآن و حدیث کی روشنی میں دو قسموں میں تقسیم کیا ہے، کچھ گناہ صغیرہ اور کچھ کبیرہ ہوتے ہیں، اہل علم نے کبیرہ گناہ کی بہت ساری تعریفیں لکھیں ہیں تاہم ایک تعریف ایسی بھی ہے جس میں جامعیت ہے کہ ’’کبیرہ وہ گناہ ہے جس پر قرآن و حدیث میں وعید آئی ہو، وعید کے ساتھ ساتھ لعنت کا لفظ استعمال ہوا ہو اور جن کے بارے میں قرآن و حدیث میں واضح طور پر جہنم کی سزا بتائی گئی ہو یا جن کے بارے میں رسول اکرمؐ نے شدید غصہ کا اظہار فرمایا ہو‘‘ کبیرہ گناہ کا موضوع ہمیشہ علمائے امت کی توجہ کا مرکز رہا ہے، چنانچہ اس موضوع پر مختلف زبانوں میں مستقل کتابیں بھی لکھی گئی ہیں اور شروح حدیث وکتبِ اخلاق میں یہ بحث ضمناً بھی آئی ہے، مستقل تصانیف میں امام ذہبی کی الکبائر اور شیخ ابن حجر ہیثمی کی الزواجر عن اقتراف الکبائر قابل ذکر ہے، اس کے علاؤہ بھی اس موضوع پر بہت ساری کتابیں لکھی گئی ہیں، اردو زبان میں بھی اس پر کچھ کتابیں موجود ہیں اس سلسلہ کی ایک حسین کڑی مولانا مفتی عبید الرحمن صاحب کی کتاب بھی ہے۔
زیرتبصرہ کتاب ’’کبیرہ گناہ: اسباب، نقصانات اور علاج‘‘ میں مولف موصوف نے کبیرہ گناہوں کی جملہ تفصیلات پیش کی ہیں۔ گناہ کا مفہوم، صغیرہ و کبیرہ گناہوں کی تقسیم، گناہ کے ارتکاب کے اسباب و عناصر، گناہوں کے دینی و دنیاوی مفاسد و نقصانات، اہم گناہوں کی رائج صورتوں کی نشاندہی، ہر ہر عضو سے وابستہ گناہ، ہر ہر گناہ سے متعلق قرآن و حدیث کے اہم نصوص اس میں ذکر کئے گئے ہیں اور توبہ کی اہمیت شرائط اور طریق کار بھی ذکر کیا ہے۔ مفتی عبید الرحمن صاحب کی ہر کتاب کی طرح یہ تصنیف بھی ہر اعتبار سے ایک بہترین کاوش ہے جس میں متعلقہ موضوع کے ہر ہر پہلو پر مدلل انداز میں سیر حاصل روشنی ڈالی گئی ہے، اللہ اس کاوش کو شرف قبولیت سے نوازے (آمین)