فضائل النبی ؐ آیات قرآنی کی روشنی میں

تصنیف: شیخ عبداللہ بن محمد الغماری الحسنی

مولانا محمد اسلام حقانی
نائب مدیر ماہنامہ ’’الحق‘‘

فضائل النبی ؐ آیات قرآنی کی روشنی میں

تصنیف:  شیخ عبداللہ بن محمد الغماری الحسنی

مترجم: ڈاکٹر حافظ حقانی میاں قادری

ضحامت: 320 صفحات ناشر: زوار اکیڈمی پبلی کیشنز کراچی 03142210737

رسالت مآب صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرتِ مطہرہ اور حیات طیبہ کا مطالعہ بالعموم تین صورتوں پر مشتمل ہے جس میں ایک ہے فضائل النبیؐ، دوسرا ہے شمائل النبیؐ، تیسرا ہے خصائل النبیؐ، فضائل النبیؐ سے مراد رسالت مآبؐ کے بحیثیت پیغمبر وہ امتیازات و کمالات اور معجزات ہیں جو آپؐ کی پیغمبرانہ زندگی میں وقتاً فوقتاً ظاہر ہوتے رہے، شمائل النبیؐ سے مراد رسالت مآبؐ کے ظاہری حسن سراپا کا ذکر اور خصائل النبیؐ سے مراد رسالت مآبؐ کی عادات واطوار اور افعال و اعمال جس سے آپؐ کی عملی اور تعلیماتی سیرت کا پورا نقشہ ہماری آنکھوں کے سامنے آجاتا ہے، سیرت النبی ؐ کے لکھنے والوں نے ان تینوں پہلوؤں پر اپنی کتابوں میں تفصیل سے لکھا اور بعض اہل علم و فضل نے تو ان موضوعات پر مستقلا اپنی کتابیں لکھی ہیں، شمائل نبویؐ، خصائل نبویؐ اور فضائل نبویؐ پر مستقل کتابیں ہر زبان میں موجود ہیں، اس سلسلے کی ایک کڑی شیخ ابو الفضل عبد اللہ بن محمد الغماری الحسنی کی تصنیف لطیف فضائل النبی فی القرآن  بھی ہے، اس کتاب کا مصنف عرب دنیا کے نامور مصنف، محقق، قلم کار، ادیب اور سیرت نگار ہیں اور آپ تصنیف و تالیف تحقیق و تنقید کے میدان میں وسیع تجربہ رکھتے ہیں، آپ نے مختلف موضوعات پر کئی کتابیں لکھیں ہیں۔
زیر تبصرہ کتاب ’’فضائل النبی آیات قرآنی کی روشنی میں‘‘ کتب سیرت میں انتہائی مقبول و معروف کتاب ہے چونکہ یہ کتاب عربی میں تھی تو حافظ ڈاکٹر حقانی میاں قادری صاحب نے اس کواردو میں منتقل کرنے کی ضرورت کو محسوس کرتے ہوئے اس کو اردو قالب میں ڈھالنے کی سعادت حاصل کی اور اردو دان طبقے کو اس قیمتی کتاب سے مستفید ہونے کا موقع عنایت فرمایا، یہ وقیع کتاب  اولا عالم اسلام میں سیرت پر موقر مجلے ’’السیرہ عالمی‘‘ کراچی میں دو قسطوں میں چھپا، اب کتابی صورت میں ہمارے سامنے ہیں، یہ انتہائی موزوں، سلیس با محاورہ اور آسان اور اتنا روان ترجمہ کہ قاری کو اس پر ترجمے کا گمان نہیں ہوتا۔ اپنے موضوع پر یہ ایک بہترین گلدستہ انمول تحفہ اور قیمتی سوغات ہے۔