شحات قلم

شحات قلم
مضامین و مقالات : مولانا سید محمد امین الحق طورویؒ
تحقیق و تخریج : مولانا ڈاکٹر سراج الاسلام حنیف
  جمع و ترتیب :  زکیہ خانم طورو
ضخامت ۱۶۰صفحات
ناشر کا رابطہ نمبر : 03335057383
حضرت مولانا سید محمد امین الحق طوروی صاحب قدس سرہ اپنے عہد کے جید عالم دین، نامور محقق، بے بدل مصنف ،بہترین خطیب اور علمی میدان میں آپ بڑی قد آور شخصیت تھے، آپ دار العلوم دیوبند کے فاضل اور علامہ انور شاہ کشمیری قدس سرہ کے ارشد تلامذہ میں سے تھے، آپ کئی کتابوں کے مصنف تھے، آپ کی تصانیف میں سے ’’بصائر السنہ‘‘ قابل قدر علمی و تحقیقی کاوش ہے جس میں انہوں نے منکرین حدیث کی اصلاح کیلئے ان کے آراء و افکار پر محققانہ انداز میں ناقدانہ روشنی ڈالی ہے، اس کے علاوہ آپ وقتاً فوقتاً اس عہد کے علمی مجلات میں مضامین ومقالات بھی لکھا کرتے تھے جن میں ماہنامہ ’’الحق‘‘ اکوڑہ خٹک،ماہنامہ ’’بینات‘‘کراچی، ماہنامہ ’’الرشید‘‘لاہور، ماہنامہ ’’خدام الدین‘‘ لاہور سرفہرست ہیں، آپ کی صاحبزادی محترمہ زکیہ خانم طورو صاحبہ نے اپنے والد مکرم کے علمی تراث کی نشر و اشاعت کا عزم مصمم کیا ہے اور وقتاً فوقتاً ان کی نگارشات کو اہل علم کے سامنے پیش کرتی رہتی ہیں ۔
زیر تبصرہ کتاب ’’رشحات قلم‘‘ بھی اس سلسلے کی ایک حسین کڑی ہے جس میں انہوں نے مولانا سید محمد امین الحق طوروی صاحب کے چار اہم علمی مقالات کو جمع کرکے کتابی صورت میں شائع کرنے کی سعادت حاصل کی ہے ،یہ کتاب میں جن مضامین ومقالات پر مشتمل ہے ان میں سے ’’اتحاد اسلامی کتاب و سنت کی روشنی میں‘‘، ’’قرآن وسنت کا باہمی تعلق‘‘ ،’’قربانی کی مشروعیت قرآن وسنت کی روشنی میں‘‘ ،’’موجودہ معاشی بحران اور اسلام‘‘ قابل ذکر ہیں،آپ نے ہر موضوع پر نہایت تفصیل سے تسلی بخش انداز میں ٹھوس علمی بنیادوں پر لکھنے کی کوشش کی ہے اور موضوع کا حق ادا کیا ہے، ان مضامین کی تحقیق و تخریج کا بیڑہ حضرت مولانا ڈاکٹر سراج الاسلام حنیف صاحب نے اٹھایا ،انہوں نے نہایت جانفشانی اور عرقریزی سے اس پر کام کیا اور اس کام کا حق ادا کردیا ہے، ان موضوعات سے دلچسپی رکھنے والوں کیلئے یہ کتاب ایک قیمتی سوغات سے کم نہیں، اللہ شرف قبولیت سے نوازے (آمین)