افاداتِ علم و حکمت   (جلد اول)

افاداتِ علم و حکمت   (جلد اول)
افادات: حضرت علامہ ڈاکٹر خالد محمودؒ
مرتب: مولانا حافظ محمد اقبال رنگونی
ضخامت : ۲۶۴ صفحات   ناشر: محمود پبلی کیشنز، اسلامک ٹرسٹ لاہور
علم و عرفان کے گلستان میں کچھ ایسی شخصیات بھی ہوتی ہیں جن کی زبان وقلم سے نکلا ہر لفظ صرف معلومات نہیں ہوتا، بلکہ وہ قلوب کی زمین پر حکمت و ہدایت کے خوشبودار پھول اگاتا ہے۔ علامہ ڈاکٹر خالد محمود ؒبھی انہی نابغ روزگار ہستیوں میں سے تھے۔ان کے فیوض سے ایک دنیا سیراب ہوئی، آپ کے علمی تصنیفات و تالیفات سے شناوران علم نے گوہر نایاب حاصل کیے،ان کے افادات، محض علمی نکات کا مجموعہ نہیں بلکہ روح کی غذا، عقل کی ضیا اور قلب کی روشنی ہیں۔
’’افادات علم و حکمت‘‘کی یہ پہلی جلد،مولانا حافظ محمد اقبال رنگونی کی فکری کاوش اور علمی محبت کا عطر بیز گلدستہ ہے۔ انہوں نے علامہ مرحوم کے ۲۴ منتخب خطبات و ارشادات کو نہ صرف مرتب کیا بلکہ ان کی تخریج، تنقیح اور تلخیص کر کے ان میں نئی روح پھونک دی۔ یہ خطبات ایمان کی حرارت، فکر کی جولانی، اور سنت کی روشنی سے بھرپور ہیں۔ہر صفحہ قاری کو جھنجھوڑتا ہے، ہر سطر دعوتِ فکر دیتی ہے اور ہر جملہ روح کو تازگی بخشتا ہے۔ کہیں عقائد کی پاکیزگی کا بیان ہے، کہیں اصلاحِ نفس کی پکار، کہیں امتِ مسلمہ کی فکری گمراہیوں پر مدلل رد، تو کہیں سیرتِ نبوی کے آئینے میں زندگی کی تشکیل کا پیغام۔ علامہ مرحوم کے اندازِ بیان میں نرمی ہے، لیکن کمزوری نہیں؛ شوکت ہے، لیکن درشتی نہیں؛ اور دلائل کی دھار کے ساتھ عاجزی کا رنگ بھی نمایاں ہے۔زبان و بیان میں سادگی کے ساتھ دلکشی کا عنصر پایا جاتا ہے،انداز میں واعظانہ حلاوت اور علمی وقار کے ساتھ ساتھ موضوعات میں تنوع اور مسائل کا گہرا ادراک بھی ہے، آپ کے بیانات میں دلیل و استدلال کے ساتھ اکابرین دیوبند کی روحانی تاثیر بھی محسوس ہوتی ہے ۔
غرض!یہ مجموعہ اس دور کے لیے ایک علمی مینارہ ہے، جو فتنہ پرور اندھیروں میں حق کی روشنی دکھاتا ہے۔ یہ کتاب صرف علما و فضلا کے لیے نہیں، ہر دردِ دل رکھنے والے مسلمان کے لیے ایک فکری اور ایمانی سفرنامہ ہے،’’افادات علم و حکمت‘‘ محض خطبات کا مجموعہ نہیں، بلکہ ایک علمی، فکری اور روحانی میراث ہے۔ علامہ خالد محمود ؒ کی بصیرت افروز گفتگو اور حضرت مولانا حافظ محمد اقبال رنگونی (جو ڈاکٹر صاحب کے فیض یافتہ ہیں ان کے علوم و معارف کے امین وناشر ہیں اور کئی علمی کتابوں کے مصنف ومؤلف بھی ہیں)کی محنت اس کتاب کو ان گنے چنے علمی شہ پاروں میں شامل کر دیتی ہے جو وقت کی گرد میں بھی ماند نہیں پڑتے۔ یہ کتاب ہر اس قاری کے لیے ہے جو علم چاہتا ہے، حکمت ڈھونڈتا ہے اور دل کی دنیا کو منور کرنا چاہتا ہے۔ (مبصر: مولانا سید حبیب اللہ شاہ حقانی)