خلافۃ المہدی قبل الآخرۃ فی ضوء الاحادیث المتواترۃ
مبصر: مولانا سید حبیب اللہ شاہ حقانی
خلافۃ المہدی قبل الآخرۃ فی ضوء الاحادیث المتواترۃمؤلف : ڈاکٹر محمد قسیم منصورضخامت: ۳۵۶ صفحاتناشر: معہد المعارف، لاہور
عصرِ حاضر میں جبکہ عقائد کی دنیا میں تشکیک، تاویلاتِ باطلہ اور منکرینِ حدیث کی یلغار نے امت کے مسلمہ نظریات کو متزلزل کرنے کی کوشش کی ہے، ایسے میں خلافۃ المہدی قبل الآخر فی ضوء الاحادیث المتواترۃ ایک گراں قدر علمی خدمت کے طور پر سامنے آتی ہے۔ یہ کتاب نہ صرف احادیثِ مہدی کے متعلق پھیلائی گئی غلط فہمیوں کا ازالہ کرتی ہے بلکہ اس اہم عقیدے کی متواتر احادیث سے مدلل و محقق وضاحت پیش کرتی ہے۔کتاب درحقیقت تین گراں مایہ علمی رسائل کا مجموعہ ہے جو اپنے موضوع پر جامعیت، تنوع اور تسلسل کی بہترین مثال ہیں:
(۱) الخلیفۃ المہدی فی الاحادیث الصحیحہ پہلا رسالہ ہے جو شیخ الاسلام حضرت مولانا حسین احمد مدنی ؒکا شاہکار ہے۔ حدیث کے بحرِ ذخار سے علم و عرفان کے موتی چن کر حضرت مدنی نے سیدنا امام مہدی کے ظہور کے بارے میں وارد احادیث کو صحت و سند کے معیار پر جانچا ہے۔ ان کی زبان کا سادہ مگر عالمانہ انداز قاری کو سحر زدہ کیے بغیر نہیں رہتا، اس رسالے میں حضرت مدنی نے نہایت سنجیدگی سے ان روایات کو اکٹھا کیا ہے جو مہدی موعود کے متعلق ہیں اور ان کی شرح و تحقیق کے ذریعے اس عقیدے کی جڑوں کو مزید مضبوط کیا ہے۔
(۲) الرد علی ابن خلدون فی ما آثار حول المہدی من ظنون یہ رسالہ حکیم الامت حضرت مولانا اشرف علی تھانوی ؒکی بے نظیر علمی بصیرت کا مظہر ہے، ابن خلدونؒ کے وہ شکوک و شبہات جو اس نے احادیثِ مہدی کے باب میں ظاہر کیے، حضرت تھانویؒ نے نہایت حکمت، استدلال اور فقہی گہرائی سے ان کا رد فرمایا، یہ رسالہ دراصل منہجِ محققین کی پیروی کرتے ہوئے منکرینِ مہدی کیلئے ایک عقلی و نقلی جواب ہے، حضرت تھانویؒ کی نکتہ رسی، حدیث فہمی اور محدثانہ مزاج اس رسالے میں جابجا نمایاں ہیں۔
(۳) خلافۃ المھدی قبل الآخرۃ فی ضوء قواعد العقائد والاحادیث المتواترۃ کتاب کا تیسرا اور اصل علمی اضافہ ڈاکٹر محمد قسیم منصور کا تحقیقی رسالہ خلافۃ المھدی قبل الآخر فی ضو قواعد العقائد والاحادیث المتواترۃ ہے جو جدید اسلوبِ تحقیق کے تقاضوں کے مطابق مرتب کیا گیا ہے۔ ڈاکٹر صاحب نے نہ صرف گذشتہ دو علمی ذخائر کو مدون اور مربوط انداز میں پیش کیا بلکہ موضوع پر تازہ تحقیقات، حدیث کے قواعد، اصولِ درایت و روایت، اور مستشرقین و متجددین کے اعتراضات کا مستند علمی جائزہ بھی لیا ہے۔ ان کا انداز متوازن، مدلل اور خالص علمی ہے جو اس کتاب کو عصر حاضر کے لیے ایک زندہ اور متحرک حوالہ بنا دیتا ہے۔کتاب کی اشاعت معہد المعارف، لاہور جیسے معتبر ادارے سے ہوئی ہے، جو علمی کتب کی نفیس طباعت میں اپنی مثال آپ ہے، اعلیٰ معیار کے کاغذ، عمدہ جلد بندی اور خوشنما خط کتابت قاری کو مطالعے پر مائل کرتا ہے۔
خلافۃ المہدی قبل الآخرۃ فی ضوء الاحادیث المتواترۃ ایک ہمہ جہت علمی شاہکار ہے، جو نہ صرف امام مہدی کے متعلق مسلمانوں کے عقیدے کو مستحکم کرتا ہے بلکہ حدیث کی حجیت، اسناد کی صحت اور منہجِ محدثین کی عظمت کو بھی اجاگر کرتا ہے۔ یہ کتاب موجودہ دور میں امام مہدی کے حوالے سے پیدا ہونے والے فکری انتشار کا نہایت عمدہ اور تحقیقی جواب ہے۔ ہر سنجیدہ طالب علم، عالمِ دین اور محقق کو اس کتاب کا مطالعہ ضرور کرنا چاہیے۔ (مبصر: مولانا سید حبیب اللہ شاہ حقانی)