سینیٹ آف پاکستان

سینیٹ آف پاکستان
کی طرف سے حضرت مولانا حامد الحق حقانی شہید کو خراج عقیدت
جناب بابر حنیف

دارالعلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک میں ہونے والے خودکش دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہیں، دہشت گردی کا یہ واقعہ ایک بزدلانہ اور شرمناک ہے، اس میں ملوث عناصر ملک و قوم کے دشمن ہیں۔معصوم شہریوں کی جانوں سے کھیلنے والے درندوں کا کوئی مذہب نہیں۔ بے گناہ نمازیوں کو نشانہ بنانا ایک مکروہ اور گھناؤنا فعل ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔دہشت گردی کے اس واقعے میں قیمتی جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہیں ،دہشت گرد نہ صرف ملک وقوم بلکہ پوری انسانیت کے دشمن ہیں اوراس قسم کے حملے سے ہمارے عزم و حوصلے کو متزلزل نہیں کرسکتے۔ اللہ تعالیٰ شہداء کے درجات بلند فرمائے اور زخمیوں کو جلد صحت یاب فرمائے۔دہشت گردوں کے خلاف قومی یکجہتی کے ساتھ سخت کارروائی جاری رکھی جائے گی اور ملک کے دشمنوں کو ان کے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے ۔

(سیدیوسف رضاگیلانی ،چیئرمین سینٹ آف پاکستان)

قومی اسمبلی میں
حضرت مولانا حامد الحق حقانی کی خدمات کو خراج تحسین

قومی اسمبلی کے اجلاس میں جے یو آئی (س)امیر اور سابق رکن قومی اسمبلی حامد الحق حقانی کی شہادت پر اظہار تعزیت کی ۔ اجلاس اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی صدارت میں ہوا، جہاں انہوں نے کہا کہ نواب یوسف تالپور کی حال ہی میں وفات ہوئی ہے جبکہ مولانا حامد الحق حقانی اور ان کے ساتھی شہید ہوئے ہیں۔ ان کے لیے دعائے مغفرت اور خراج عقیدت پیش کرتے ہیں اور اجلاس احتراماً کل تک کے لیے ملتوی کیا جا رہا ہے۔ وفاقی وزیر خالد مگسی نے دعائے مغفرت کرائی۔وفاقی وزیر امیر مقام نے نواب یوسف تالپور اور مولانا حامد الحق کی خدمات کو جمہوریت کے لیے تابناک قرار دیا، جبکہ ایم کیو ایم کے رکن خواجہ اظہار الحسن نے بھی دونوں رہنماؤں کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا۔