علامہ اقبال اور محسن انسانیتؐ

علامہ اقبال اور محسن انسانیتؐ

تالیف: پروفیسر ظفر حجازی

ضخامت: ۲۱۶ صفحات ناشر: ادارہ معارف اسلامی لاہور0423525247

برصغیر بلکہ پوری دنیا میں علامہ محمد اقبال مرحوم محتاج تعارف نہیں، آپ کی شاعری امت مسلمہ کا قیمتی سرمایہ ہے، آپ کی شاعری کے اثرات عالمگیر ہیں، علامہ محمد اقبالؒ کی فکر و نظر کے مختلف جہتوں میں یہ جہت خاص طور پر نمایاں ہے کہ انہوں نے اپنی شاعری کی اساس قرآن کریم اور احادیث مبارکہ پر رکھی ہے، آپ کی شاعری سے اندازہ ہوتا ہے کہ آپ کو رسالت مآب صلی اللہ علیہ وسلم کی شخصیت اور آپ کی تعلیمات سے والہانہ لگاؤ تھا، آپ کے رگ و ریشہ میں عشق رسول صلی اللہ علیہ وسلم رچا بسا تھا، انہیں حضور صلی اللہ علیہ وسلم سے عشق و محبت کا تعلق بچپن ہی سے تھا، آپ کے مجموعہ اشعار میں جا بہ جا آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی مدح میں نعتیہ کلام کا رنگ نظر آتا ہے آپ کی نعت گوئی سوز و گداز، جذب و کیف سے پر ہے، آپ کا یہ عشق رسولؐ اپنی اظہار کے لئے نئے اسلوب اختیار کرتا ہے، اقبال مرحوم کی شاعری کے مختلف پہلوؤں پر مختلف اہل علم و قلم نے مختلف انداز و اسالیب میں کام کیا ہے اور یہ سلسلہ اب تک جاری ہے، اس سلسلے کی ایک کڑی پروفیسر ظفر حجازی صاحب کی کتاب بھی ہے
زیر تبصرہ کتاب ’’علامہ اقبال اور محسن انسانیت‘‘ میں پروفیسر صاحب نے ’’علامہ اقبال اور محسن انسانیت‘‘، ’’علامہ اقبال اور پاکستان‘‘، ’’علامہ اقبال اور آزادی نسواں‘‘، ’’اقبال اور مسئلہ تعلیم‘‘، ’’علامہ اقبال بحیثیت معلم ‘‘، ’’علامہ اقبال اور معرکہ اسرار خودی‘‘،’’اقبال اور مغربی تہذیب‘‘، ’’علامہ اقبال اور پاکستان‘‘ جیسے اہم عنوانات پر سیر حاصل روشنی ڈالی ہے۔ کتاب کا نام ’’علامہ اقبال اور محسن انسانیتؐ‘‘ رکھا ،باقی عنوانات بھی اسی کے تابع ہیں کیونکہ اقبال نے جہاں بھی جس موضوع پر کلام کیا ہے تو اسوہ حسنہ اور سیرت نبویؐ کی روشنی میں ہی اس پر بحث کی ہے، یہ کتاب اپنے موضوع پر ایک بہترین کاوش ہے اور اقبالیات پر ایک اچھا خاصا اضافہ ہے، اقبالیات کے موضوع سے دلچسپی رکھنے والوں کے لئے قیمتی سوغات اور انمول تحفہ ہے۔اللہ تعالیٰ اس کاوش کو شرف قبولیت سے نوازے (آمین)