حضرت مولانا عبدالقیوم حقانی :حیات و خدمات
ماہنامہ ’’الحق‘‘ کی نئی خصوصی اشاعت
استاد محترم حضرت مولانا عبدالقیوم حقانی صاحب مدظلہ ،حضرت والد ماجد مولانا سمیع الحق شہیدؒ کی قابل فخر روحانی اولاد میں سے ہیں،آپ آسمان علم وادب کے درخشندہ آفتاب و ماہتاب ہیں، ماہنامہ ’’الحق‘‘ ، شیخ الحدیث حضرت مولانا عبدالحق ؒ ،شیخ الحدیث حضرت مولانا سمیع الحق شہیدؒ اور جامعہ دارالعلوم حقانیہ کے لئے آپ کی خدمات آب زر سے لکھنے کے قابل ہیں۔ آج حضرت حقانی صاحب مدظلہ کے علمی ،ادبی ،تصنیفی ،تخلیقی اور تحقیقی کارناموں کی دنیا معترف ہے اور دین کے ہر شعبے میں آپ کی مساعی جمیلہ نمایاں نظر آتی ہیں۔ انہی خدمات کی بدولت آپ ہمیشہ سے اپنے معاصرین میں قابل رشک رہے ہیں۔راقم نے جب سے ہوش سنبھالا ہے استاد جی کو دادا جان ؒ اور ابا جان شہیدؒ کے مقرب، قریب اور خدمت کرتے دیکھا ہے۔اساتذہ اور مشائخ کی اسی خدمت کی برکت سے اللہ تعالیٰ نے آپ سے علوم دین خصوصاً علم ِحدیث کی بہت زیادہ خدمت لی ہے، شیخ الحدیث حضرت مولانا عبدالحق ؒ کے درسی افادات ’’حقائق السنن‘‘،آثار السنن کی شرح توضیح السنن،شرح شمائل الترمذی (جلد اول) اور مسلم شریف کی عظیم شرح (جوکہ تیئس ضخیم جلدوں پر مشتمل ہے)کے آپ مؤلف و شارح ہیں،اللہ تعالیٰ نے حدیث ،علوم حدیث ،تذکرہ و سوانح اور دیگر ادبی میدانوں میں آپ سے بڑا تاریخی کام لیا ہے۔آپ نہ صرف حقانی برادری بلکہ علمائے دیوبند کے بھی فخر ہیں۔استاد محترم حضرت مولانا عبدالقیوم حقانی صاحب مدظلہ نے اپنے اساتذہ و مشائخ کو اپنے قلم و قرطاس کے ذریعے تاابد اَمر کردیاہے۔ سوانح شیخ الحدیث مولانا عبدالحقؒ نمبر،ماہنامہ ’’الحق‘‘ کا خصوصی شیخ الحدیث نمبر ، مولانا سمیع الحق :حیات و خدمات (۳جلدیں) نمایاں ہیں،اسکے علاوہ آپ دیگر اکابرین کی حیات و خدمات پر بھی متعدد نمبرات اور سوانحات شائع کرچکے ہیں۔اسکے علاوہ آپ نے مختلف علمی و تحقیقی اہم موضوعات پر بھی درجنوںکتابیں لکھی ہیں۔ادارہ ’’موتمر المصنفین‘‘ اور ماہنامہ ’’الحق‘‘ کی دیرینہ خواہش تھی کہ حضرت حقانی صاحب کی خدمات کے اعتراف پر ایک جامع سوانحی عمری مرتب کی جائے الحمدللہ ماہنامہ ’’الحق‘‘ نے برادرم مولانا عماد الدین محمود صاحب کے تعاون واشتراک سے حضرت مولانا عبدالقیوم حقانی مدظلہ کی حیات و خدمات پر دو ضخیم جلدوں پر محیط ایک خصوصی اشاعت کا اہتمام کیا ہے۔ اس ادنیٰ کاوش سے استاد محترم کاکامل حق تو ادا نہیں ہوسکتا ،بہرحال یہ ہماری طرف سے تحفہ درویشانہ ہے ۔ ع گر قبول افتد زہے عز و شرف
دارالعلوم حقانیہ اور ماہنامہ ’’الحق‘‘ اپنے محسنین اور قابل فخر تلامذہ کی خدمات کا کھلے دل سے اعتراف کرتا ہے۔ فَاِنَّ اللّٰہَ لَا یُضِیْعُ اَجْرَ الْمُحْسِنِیْنَ
مولانا راشدا لحق سمیع
مدیراعلیٰ ماہنامہ ’’الحق‘‘