مولانا حامد الحق حقانی ؒکی خدمات کے حوالے سے ملک بھر میں تعزیتی اجتماعات ،دارالعلوم میں مختلف مہمانوں کی آمد و تعزیت اور راقم کی سیاسی مصروفیات
اسلامی نظریاتی کونسل اسلام آباد کے زیراہتمام ’’محرم الحرام میں امن و امان‘‘ کے حوالے سے راقم کو قومی علما و مشائخ امن کانفرنس میں شرکت اور خطاب کا موقع ملا ۔ کانفرنس میں تمام مکاتب فکر کے جید علما کرام اور مذہبی جماعتوں کے قائدین نے شرکت کی۔ کانفرنس سے قاری حنیف جالندھری، مولانا محمد احمد لدھیانوی صاحب (سربراہ اہل سنت والجماعت)، علامہ راغب نعیمی (چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل)، حافظ طاہر محمود اشرفی (چیئرمین پاکستان علما کونسل)، مولانا فضل الرحمان خلیل (سربراہ انصار الامہ)، علامہ ابتسام الٰہی ظہیر (صدر جمعیت اہلحدیث)، علامہ ضیا اللہ شاہ بخاری (متحدہ جمعیت اہلحدیث)، قاری طیب قریشی (چیف خطیب خیبر پختونخوا) ، پیر زادہ جنید امین (آستانہ عالیہ مانکی شریف) کے علاہ دیگر علما کرام نے خطاب کیا۔
سابق ایم پی اے مولانا معاویہ اعظم طارق کی اپنے وفد کے ہمراہ جامعہ دارالعلوم حقانیہ شریف لائے اور راقم سے اہم ملاقات کی ۔ملاقات میں مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا اور پنجاب کے کامیاب دورے پر راقم کو مبارک باد پیش کی۔
ولی کامل استاد محترم شیخ الحدیث حضرت مولانا مغفور اللہ باباجی دامت برکاتہم کی راقم کے آفس آمد اور راقم کو استقامت و کامیابی کی خصوصی دعاؤوں سے نوازا۔ اللہ تعالیٰ استاد محترم کا سایہ عاطفت ہمارے سروں پر ہمیشہ سلامت رکھے۔ (آمین)
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی صاحب سے پشاور میں خصوصی نشست کی اور ان سے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔ گورنر صاحب ہمارے قریبی عزیز حاجی نور حبیب صاحب کے ہاں مدعو تھے ،اس موقع پر عم مکرم مولانا راشد الحق سمیع ،مولانا سید یوسف شاہ ،الحاج اعجاز حسین صاحب موجود تھے ۔
نئے تعینات ہونے والے ڈی پی او نوشہرہ جناب احمد شاہ صاحب جامعہ حقانیہ تشریف لائے اور حضرت مولانا حامد الحق شہید کی شہادت پر تعزیت کا اظہار کیا اور قبر پر فاتحہ خوانی کی۔اس کے علاوہ انہوں نے جامعہ دارالعلوم حقانیہ کا تفصیلی دورہ کیا اور سکیورٹی کا جائزہ لیا۔اس موقع پر جامعہ کے نائب مہتمم مولانا راشد الحق سمیع اور راقم سے تفصیلی ملاقات کی اور مولانا حامد الحق شہیدؒ کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔اس موقع پر جمعیت کے سیکرٹری جنرل مولانا سید محمد یوسف شاہ، مولانا اسامہ سمیع، مولانا لقمان الحق، مولانا بلال الحق سمیت اکوڑہ کے ڈی ایس پی اور ایس ایچ او صاحبان موجود تھے۔
راقم (عبدالحق ثانی امیر جمعیت علما اسلام)، مولانا سید یوسف شاہ، حضرت مولانا عبدالقیوم حقانی، مولانا قاری عمر علی حقانی ، سابق ڈی آئی جی افتخار خان اور دیگر معززین نے سینیٹر مولانا راحت حسین کی نوشہرہ میں اپنے قریبی دوست ارشد خان کی حج ادائیگی پر ایک تقریب میں شرکت کی اور ارشد خان کو فریضہ حج ادا کرنے پر مبارکباد دی ۔
اکوڑہ خٹک میں مسجد حاجی احسان اللہ محلہ فرید خان میں حضرت مولانا حامد الحق شہیدؒ کی یاد میں منعقدہ تقریب سے خطاب فرمایا ۔ اس موقع پر مولانا خزیمہ سمیع، مولانا اسامہ سمیع اور میزبان مولانا محسن حقانی کے علاوہ علاقے کے معززین نے شرکت کی۔
یکم جولائی: اکوڑہ خٹک مدینہ مسجد محلہ عید گاہ میں صوت القرآن اکیڈمی کا دورہ کیا اور طلبہ سے ملاقاتیں اور خطاب کیا۔اس موقع پر جامعہ حقانیہ کے شعبہ آئی ٹی کے انچارج اور مدیر صوت القرآن اکیڈمی مفتی یاسر نعمانی کے علاوہ علاقے کے دیگر معززین شریک تھے۔
جمعیت علما اسلام (س) کا ایک اہم مشاورتی اجلاس حضرت مولانا مفتی حبیب الرحمن درخواستی کی صدارت میں منعقد ہوا، جس میں راقم (امیر مرکزیہ مولانا عبدالحق ثانی)، حضرت مولانا عبدالروف فاروقی ، حضرت مولانا عبدالخالق ہزاروی، حضرت مولانا فہیم الحسن تھانوی، مولانا سید محمد یوسف شاہ اور قاری سعید احمد رحیمی صاحبان نے شرکت کی۔
اکوڑہ خٹک کی مسجد مولانا الیاس محلہ خٹک میں حضرت مولانا حامد الحق شہیدؒ کی یاد میں منعقدہ تعزیتی سیمینار میں شرکت کی اور تقریب سے خطاب بھی کیا اور اہل علاقہ نے راقم سے ملاقاتیںبھی کیں، اس موقع پر مولانا خزیمہ سمیع، مولانا اسامہ سمیع ،مولانا محسن حقانی میزبان مولانا اویس حقانی، مولوی فضل الرحمان کے علاوہ علاقے کے معززین نے شرکت کی۔
امانگڑھ آدم جی پیپر ملز میں چودھری خالد صاحب کی رہائش گاہ میں منعقدہ تقریب میں شرکت کی، بعد ازاں پیپر ملز جامع مسجد میں اہل علاقہ سے ملاقاتیں کیں، اس موقع پر مولانا سید انوار اللہ باچا صاحب و دیگر موجود تھے۔ ۹؍جولائی:ملک کے مختلف اضلاع سے آئے ہوئے مہمانوں اور علمائے کرام سے اپنے دفتر میں ملاقاتیں کیں اور شہید اسلام مولانا حامد الحق حقانی ؒ کی خدمات پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔
خادم حرم مکی شریف مولانا عبد الواحد مکی صاحب جامعہ حقانیہ تشریف لائے اور راقم سے ملاقات اور حضرت مولانا حامد الحق حقانی کی شہادت پر تعزیت کی اور دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔
علاقہ نظامپور ضلع نوشہرہ میں خدمات مولانا حامد الحق حقانی شہید ؒتعزیتی سیمینار سے خطاب کیا۔
سابق وزیر اعلیٰ جناب پرویز خٹک کی ہمشیرہ کی وفات پر ان سے ان کی رہائش گاہ مانکی شریف میں تعزیت کی اور وہاں عوام الناس سے خطاب بھی فرمایا۔
سینیٹر طلحہ محمود صاحب سے اسلام آباد میں ملاقات اور اہم امور پر گفتگو بھی کی گئی۔
گورنر خیبر پختونخوا جناب فیصل کریم کنڈی سے ملاقات کی اور دیگر امور پر ان سے تفصیلی گفتگو کی۔
انجمن خدام الدین کے زیر اہتمام بھوربن مری میں ۵۳ویں سالانہ روحانی اجتماع سے خطاب کیا۔ اس موقع پر میزبان امیر انجمن خدام الدین جانشین شیخ التفسیر حضرت مولانا میاں محمد اجمل قادری صاحب، مفتی احمد علی ثانی صاحب و دیگر معززین موجود تھے ۔
حکومت خیبرپختونخوا کی جانب سے صوبے کے حالات پر وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کی میزبانی میں منعقدہ آل پارٹیز کانفرنس سے راقم (جمعیت علما اسلام (س)کے امیر مولانا عبد الحق ثانی )نے خطاب کیا۔ اس موقع پر جمعیت کے مرکزی جنرل سیکرٹری مولانا سید محمد یوسف شاہ، جماعت اسلامی کے پروفیسر ابراہیم کے علاوہ مختلف سیاسی جماعتوں کے قائدین،صوبائی وزرا و ممبران قومی و صوبائی اسمبلی موجود ہے۔
جامعہ کے مہتمم شیخ الحدیث حضرت مولانا انوارالحق حقانی مدظلہ کی ہسپتال سے گھر واپسی
الحمدللہ جامعہ دارالعلوم حقانیہ کے مہتمم شیخ الحدیث حضرت مولانا انوارالحق حقانی مدظلہ طویل علالت کے بعد ہسپتال سے گھر واپس آچکے ہیں اوراب پہلے سے کافی بہتر ہیں، نائب مہتمم مولانا راشدالحق سمیع صاحب،مولانا سید یوسف شاہ صاحب،الحاج اعجاز حسین صاحب،حاجی نور حبیب صاحب برادرم محمد احمد صاحب ،محمد عمر راشد کے علاوہ دارالعلوم کے اساتذہ و اراکین نے عیادت کی ۔
پاکستانی نمائندہ وفد کی چین روانگی (۲۳جولائی تا ۲۸جولائی۲۰۲۵) ہوئی،اس وفد میں مختلف مذہبی اور سیاسی جماعتوں کے اہم علما دانشور اور سیاسی شخصیات شامل ہیں یہ وفد حکومت چین کی خصوصی دعوت پر جارہا ہے، دارالعلوم حقانیہ کی طرف سے صاحبزادہ محمد احمد نمائندگی کررہے ہیں۔