اظہار تشکر بنام ِتعزیت کنندگانِ محترم

اظہار تشکر بنام ِتعزیت کنندگانِ محترم

اظہار تشکر بنام ِتعزیت کنندگانِ محترم
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ !
حضرت مولانا حامد الحق حقانی شہیدؒ کی شہادت ایک ناقابلِ تلافی صدمہ ہے، جس نے ہمارے دلوں کو غمگین اور آنکھوں کو اشک بار کر دیا ہے۔ اس مشکل وقت میں آپ جیسے احباب کی طرف سے ملنے والی تسلی ، دلاسوں اور دعاؤں نے ہمارے غم کو ہلکا کرنے میں بہت مدد دی۔آپ کی محبت، خلوص اور دعاوں نے ہمیں یہ احساس دلایا کہ ہم دکھ و درد کی اس گھڑی میں تنہا نہیں ہیں۔
آپ حضرات نے حقانی خاندان کے ساتھ جس غم و اندوہ کے حالات میں محبت و اخلاص کا اظہار فرمایا ہے اس پر ہم تہہ دل سے ممنون و مشکور ہیں۔یہ صدمہ صرف حقانی خاندان ،جامعہ حقانیہ کے اساتذہ وطلبا اور علمائے کرام کا ہی نہیں بلکہ پورے عالم اسلام کے علمی برادری کا صدمہ ہے، حضرت شہید ؒ کو شہادت مطلوب و مقصود تھی وہ تو اپنی تمنا پاکر فائز المرام ہوگئے مگر اپنی نسبی اولاد کے ساتھ ساتھ اپنے روحانی ابناء ،طلباء،علما اور اہل اسلام کے دردمند افراد کو بھی یتیم چھوڑ گئے۔اس حادثہ فاجعہ کے موقع پر آپ حضرات کی تشریف آوری ٹیلی فون رابطہ اور تعزیتی خطوط و پیغامات سے بے حد حوصلہ، تسلی اوراطمینان قلبی حاصل ہوا کہ آپ حضرات دل و جان سے اس غم میں شریک ہیں ،امید ہے آئندہ بھی اپنی تشجیعات سے نوازتے رہئے گا اور رمضان کی مبارک ساعتوں میں مولانا حامد الحق حقانی شہید اور دیگر شہداء حقانیہ کے ایصال ثواب ،دعائے مغفرت کا اہتمام جاری رکھئے،ہمارے تمام حقانی خاندان کیلئے صبروحوصلہ اوراستقامت اور حضرت شیخ شہید ؒ کے مشن کوزندہ و تابندہ رکھنے کی صلاحیت اور توفیق کی دعائیں فرمائیں۔رب رحیم وکریم آپ حضرات کو اس قدر محبت والفت،ہمدردی وشفقت اور تعزیت وتسلی کے ایک ایک لفظ پر کروڑہا اجروثواب عطا فرمائے ۔
واجرکم علی اللہ
والسلام

حضرت مولانا انوار الحق مدظلہ

مہتمم جامعہ دارالعلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک

  (مولانا) راشد الحق سمیع

نائب مہتمم جامعہ دارالعلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک

   (مولانا )عبدالحق ثانی

    جانشین و فرزند مولانا حامد الحق حقانی

مولانا لقمان الحق، مولانا عرفان الحق، مولانا اسامہ سمیع، مولانا خزیمہ سمیع،حافظ محمد احمد،صاحبزادہ محمد عمر و جملہ خاندان حقانی