مولاناسمیع الحق شہیدؒ کا ملکی و بین الاقوامی میڈیا کو لکھا گیا مکتوب
حضرت مولانا سمیع الحق شہیدؒ کو اللہ تعالیٰ نے عالم اسلام کا جو درد وغم عطا فرمایا تھا اس کا اظہار ان کی تحریرات، خطوط اور خطابات سے بخوبی ہوتاہے۔انہوں نے عالم اسلام کے اساطین علم و ادب ،علماء و محدثین ،مشائخ و اکابرین امت، نامور اہل قلم ،صحافی و دانشور حضرات،سیاسی زعماء و حکمران اور درد دل رکھنے والے ارباب اقتدار کے نام مختلف اوقات میں خطوط لکھے جن کے جوابات ’’مکتوبات مشاہیر‘‘ میں شائع ہوئے لیکن افسوس! کہ حضرت مولاناسمیع الحق شہیدؒ کے اصل خطوط بہت کم دستیاب ہوئے۔گزشتہ دنوں نائب مہتمم حضرت مولانا حامد الحق حقانی صاحب کے کتب خانہ سے چند خطوط ملے جس میں ٹی وی چینلزکے مالکان کودینی جماعتوں کے ساتھ جانبدارنہ رویے اور انہیں نظرانداز کرنے پر ایک اہم مکتوب لکھا گیا تھا یہ تاریخی مکتوب کئی حوالوں سے موجودہ سیاسی و ملکی تناظر میں آج بھی اہمیت کا حامل ہے۔ اسے قارئین کی نذر کیا جارہاہے۔مدیر:
محترمی و مکرمی جناب!
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ! خدا کرے مزاج گرامی بالخیر ہوں
کچھ عرصہ قبل بھی ایک دردمندانہ عریضہ ارسال کیا تھا جس کا نہ جواب ملا نہ آنجناب کی طرف سے اس پرکوئی مثبت کاروائی سامنے آسکی۔
محترم! اللہ تعالیٰ نے آپ کو ایک موثر ٹی وی چینل کے ذریعہ ابلاغ عامہ کی ایک بڑی طاقت سے نوازاہے، جسے آپ ملک وملت کی بھلائی، ملک کے استحکام آزادی ، خداوند تعالیٰ کی حکمرانی اور اصلاح معاشرہ کے لئے کسی لالچ خوف اور رغبت کے بغیر استعمال کرسکیں، اس ضمن میں دفاع پاکستان کونسل جو ناچیز کی صدارت میں تیس پینتیس ملک کی محب وطن دینی سیاسی جماعتوں اور اہم شخصیات کا پلیٹ فارم ہے جس کے مقاصد انتخابی سیاست اقتدار کی رسہ کشی اور داخلی میکیائولی سیاست سے ہٹ کر ملک و ملت کی جغرافیائی اور نظریاتی دفاع ہے، ملک پرمسلط کردہ مغربی غیر ملکی پالیسیوں کے مہلک اور تباہ کن اثرات سے عوام کو باشعور بنا کر منظم و محترک کرنا ہے، اس ضمن میں ہمارے سمیناروں ،لانگ مارچوں اور مسلسل جدوجہد کے ذریعہ جن خدشات اور خطرات کا اظہارکرتے رہے، اس کی تائید امریکی صدر ٹرمپ کے حالیہ بیانات اور پالیسی سے ہوگئی ہے جسے صرف ہم نہیں آپ جیسے غیور اور محب وطن شخصیت بھی برداشت نہیں کرسکتے، اسکے بارہ میں فوری طور پر اسلام آباد میں کونسل کا ہنگامی اجلاس ہوا جس کے فیصلوں کا میں نے کل ۲۳ اگست ۲۰۱۶ء کو اسلام آباد پریس کلب میں قائدین اور درجنوں ملکی و غیرملکی الیکٹرانک میڈیا کے سامنے اعلان کیا، آپکے چینل کے علاوہ بے شمار چینلوں نے کئی گھنٹے رپورٹنگ کی لیکن ایسے اہم حساس غیر متنازعہ مسئلہ سے بھی میڈیا اور آپکے چینل نے مکمل بائیکاٹ کیا، گویا ہم نے ملک و ملت کی خودمختاری امریکی عزائم کو مسترد کرنے کی بات کرکے کوئی بڑا جرم کیا ہو اور میری جماعت او رکونسل کا نام شجرہ ممنوعہ ہو؟ جبکہ دوسری جانب اکثر چینل دیگر معمولی مسائل فتنہ انگیز موضوعات اور خرافات پر مبنی پروگراموں سے کیسا ’’فیاضانہ‘‘ سلوک کرتے ہیں۔
محترم! ہم وسائل و ذرائع سے تہی دامن ہیں نہ ہماری پشت پر کوئی ملکی غیرملکی ادارے اور ایجنسیاں ہیں آپ کے اس رویہ پر ہم سوائے اس کے کہ اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں اپنا مقدمہ پیش کریں اور کیا کر سکتے ہیں، اس سے قبل بھی تمام شریک جماعتوں کے دستخطوں سے آپ سے ایک دردمندانہ التجا کرچکے ہیں اگر آپ کل کی پریس کانفرنس اور فیصلوں کو کسی طرح اجاگر کرسکیں تو کچھ تلافی ہوسکے گی۔
آئین کی ترامیم اور اسے متنازعہ بنانے کے سلسلے میں جوڑ توڑ شروع ہوچکی ہے، اس بارہ میں جمعیت علمائے اسلام (س) نے ۲۸؍اگست کو اسلام آباد میں آل پارٹیز کانفرنس طلب کی ہے جو آپ اور ہم سب کا مسئلہ ہے مجھے خطرہ ہے کہ الیکٹرانک میڈیا اس کے ساتھ بھی ایسا ہی سلوک نہ کربیٹھے ہمیں اپنی شکایت آپ تک پہنچانی تھی باقی آپ کی مرضی ہے، اللہ تعالیٰ آپ اور ہم سب کو ملک و ملت کی صلح ورہنمائی اور خدمت کی توفیق دے۔
والسلام(مولانا) سمیع الحق
چیئرمین دفاع پاکستان کونسل، امیر جمعیۃ علمائے اسلام پاکستان
ضبط و ترتیب