شیخ ڈاکٹر نظام محمد صالح یعقوبی مدظلہ کی دارالعلوم حقانیہ آمد
دارالعلوم کے شب و روز
صاحبزادہ عبدالحق ثانی
۲۶؍اکتوبر ۲۰۲۴ء بروز ہفتہ عالم عرب بحرین کے ممتاز محقق،نامور مصنف،ماہر اسلامی معاشیات،مسند البحرین الشیخ نظام محمد صالح یعقوبی اپنے وفد کے ہمراہ جامعہ دارالعلوم حقانیہ تشریف لائے ۔حضرت مولانا راشد الحق سمیع صاحب نے جامعہ دارالعلوم حقانیہ کے اساتذہ اور طلبائے کرام کے ہمراہ معزز مہمان کا پرتپاک استقبال کیا اورانہیں اپنے دفتر میں دارالعلوم کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کیا۔ معزز مہمان کے اعزاز میں دارالحدیث میں مختصر پروقار استقبالیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا، حضرت مہتمم شیخ الحدیث مولانا انوار الحق صاحب مدظلہ اور نائب مہتمم حضرت مولانا حامد الحق حقانی صاحب مدظلہ نے معززمہمان کو خوش آمدید کہا اور اپنے خطابات میں ان کی خدمات کو سراہا۔ معزز مہمان نے دارالحدیث میں طلباء کو اجازت حدیث دی اور دارالعلوم کی طرف سے آپ کو علمی ،ادبی خدمات کی بناء پر اعزازی سنددی گئی۔ دوسرے دن آپ دوبارہ جامعہ تشریف لائے اور شعبہ تخصصات میں طلباء کو اجازت حدیث سے نوازا۔انہیں دارالعلوم کی طرف سے مولانا راشد الحق سمیع صاحب نے اعزازی شیلڈ، موتمر المصنفین سے شائع شدہ کتابیں (تفسیر لاہوری، الحق کی خصوصی اشاعتیں) پیش کیں۔آپ جامعہ کے لائق فائق مدرس استاد الحدیث حضرت مولانا فیض الرحمن صاحب کی دعوت پر تشریف لائے تھے۔