حضرت نائب مہتمم صاحب مدظلہ کی مصروفیات
دارالعلوم کے شب و روز
صاحبزادہ عبدالحق ثانی
۱۰؍اگست: پاکستان کے دورے پر تشریف لائے ہوئے امام مسجد نبوی ؐفضیلۃ الشیخ الدکتور صلاح البدیر حفظہ اللہ کے اعزاز میں سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی صاحب نے سعودی سفارتخانہ میں عشائیہ کا اہتمام کیا، والد محترم حضرت مولانا حامد الحق حقانی صاحب مدظلہ (امیر جمعیت علماء اسلام پاکستان و نائب مہتمم جامعہ دارالعلوم حقانیہ) نے شرکت فرمائی۔ امام صاحب سے ملاقات کی اور ان کو جامعہ دارالعلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک تشریف آوری کی
دعوت دی۔
۱۱؍اگست: جمعیت علما اسلام(س)جنوبی پنجاب کے وفد کی جامعہ دارالعلوم حقانیہ آمد حضرت مولانا حامد الحق حقانی مدظلہ سے ملاقات کی اور جماعتی امور پر تبادلہ خیال کیا ۔وفد میں صوبائی ترجمان مولانا عبدالصمد درخواستی ملتان سٹی کے امیر قاری سعید احمد رحیمی، ملک زبیر احمد کھوکھر اور دیگر شامل تھے۔
۱۲؍اگست : عالمی مجلس تحفظ ختم ضلع نوشہرہ کے امیر قاری محمد اسلم صاحب تشریف لائے اور حضرت نائب مہتمم صاحب مدظلہ سے ملاقات کی۔
۱۳؍اگست : عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے زیراہتمام تحفظ ختم نبوت آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کے لئے اسلام آباد تشریف لے گئے کانفرنس میں شرکت اور خطاب فرمایا۔
۱۷؍اگست: پاکستان مسلم لیگ ضیاء الحق شہید سربراہ جناب اعجاز الحق صاحب کی خصوصی دعوت پر سابق صدر پاکستان جنرل ضیا الحق شہید کی یوم شہادت کی مناسبت سے آرٹ کونسل راولپنڈی میں منعقدہ تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور خطاب فرمایا۔ حضرت مولانا سید محمد یوسف شاہ صاحب ہمراہ تھے۔
۱۸؍اگست : جمعیت علما اسلام (س)کے امیر اور جامعہ دارالعلوم حقانیہ کے نائب مہتمم حضرت مولانا حامد الحق حقانی صاحب مدظلہ کا ایک روزہ دورہ ہری پور اور ایبٹ آباد۔دہمتوڑ ایبٹ آباد میں جمعیت علماء اسلام کے دیرینہ رہنما مولانا عتیق الرحمن ہاشمی کے ادارے خانقاہ ہاشمیہ کے ۴۸ویں سالانہ اجتماع و ختم نبوت کانفرنس میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور خطاب فرمایا۔ بعد ازاں ہری پور میں جمعیت علما ء اسلام ہری پور کے رہنماؤں کی جانب سے دیے گئے عشائیہ میں شرکت کی۔
۲۳؍اگست : بانی جامعہ شیخ الحدیث حضرت مولانا عبد الحق ؒکے لائق نواسے اور حضرت مولانا اشرف علی قریشی ؒکے جانشین حضرت مولانا ارشد علی قریشی صاحب کے ادارے جامعہ اشرفیہ بجوڑی گیٹ نمک منڈی پشاور میں ختم نبوت کے حوالے سے حالیہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد یوم تشکر کے طور پر نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب کیا۔
۲۳؍اگست: پشاور پریس کلب میں جمعیت علما اسلام صوبہ خیبر پختونخوا کے رہنماؤں کے ہمراہ ختم نبوت کے حوالے سے سپریم کورٹ تاریخی فیصلے اور ملکی حالات پر اہم پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔ ملک کے معروف عالم دین اور جامعہ بنوری ٹاؤن کراچی کے شیخ الحدیث حضرت مولانا انور بدخشانی ؒکی وفات پر تعزیت کا اظہار کیا۔
۲۵؍اگست : ایک روزہ دورہ پر لوند خوڑ مردان تشریف لے گئے اپنے دیرینہ سیکورٹی گارڈ شوکت حیات کے صاحبزادے کی تقریب شادی میں شرکت کی۔۳۰؍اگست : وفاق المدارس العربیہ پنجاب کے ناظم ممتاز عالم دین حضرت مولانا قاضی عبدالرشیدؒ کی وفات پر ان کے ادارے جامعہ فاروقیہ
راولپنڈی میں مرحوم کے لواحقین سے تعزیت کی۔ مولانا سید محمد یوسف شاہ صاحب راولپنڈی کے امیر قاری امین الحسنات، قاری اخلاق مدنی،راقم عبدالحق ثانی و دیگر ہمراہ تھے۔
۴؍ستمبرکوئٹہ: جمعیت علما اسلام صوبہ بلوچستان کے سینئر صوبائی نائب امیر اور ضلع کوئٹہ کے امیر جامعہ حقانیہ اکوڑہ خٹک کے وفادار اور مخلص فاضل مولانا ندا محمد حقانی وفات پاگئے مولانا مرحوم شہید ناموس رسالت مولانا سمیع الحق شہید ؒکے دیرینہ ساتھی اور شاگرد اور بڑے شیدائی تھے حضرت نائب مہتمم صاحب مدظلہ نے مرحوم کی بلندی درجات کیلئے دعا فرمائی اور لواحقین سے تعزیت کا اظہار کیا۔
۷؍ستمبر: یوم ختم نبوت کی گولڈن جوبلی اور شیخ الحدیث حضرت مولانا عبدالحق ؒ کے یوم وفات کی مناسبت سے ایوان شریعت ہال جامعہ دارالعلوم حقانیہ میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا ، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حضرت نائب مہتمم صاحب مدظلہ نے بانی جامعہ شیخ الحدیث حضرت مولانا عبدالحق ؒ کی زندگی کے اہم پہلوؤں پر روشنی ڈالی اور ان کی دینی و سیاسی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔تحریک ختم نبوت میں کردار ادا کرنے والے زعمائے ملت کے روشن کردار کو بھرپور انداز میں خراج تحسین پیش کیا گیا۔ اس موقع پر حضرت مولاناعرفان الحق حقانی ، حضرت مولانا سید یوسف شاہ اورحضرت مولانا لقمان الحق صاحبان نے بھی خطاب فرمایا۔
حضرت نائب مہتمم صاحب مدظلہ کا دو روزہ دورہ جنوبی پنجاب
۱۲۔۱۳؍اکتوبر: حضرت نائب مہتمم صاحب مدظلہ دو روزہ دورہ پر جنوبی پنجاب کے شہر ملتان، بہاولنگر، چشتیاں تشریف لے گئے ۔جمعیت علمائے اسلام کے بزرگ رہنما مرکزی نائب امیر حضرت مولانا بشیر احمدشاد صاحب کے دوجوانسال صاحبزادوں کے انتقال پر منعقدہ تعزیتی جلسے سے بطور مہمان خصوصی خطاب فرمایا۔بعد ازاں ملتان میں جمعیت علمائے اسلام ملتان کے اجلاس میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔حضرت مولانا سید یوسف شاہ صاحب ہمراہ تھے۔
جمعیت علمائے اسلام (س)کی مرکزی مجلس عمومی و شوریٰ کے اجلاس کا انعقاد
۲؍نومبر: جمعیت علمائے اسلام (س)کی مرکزی مجلس عمومی و شوریٰ کا اجلاس جامعہ دارالعلوم حقانیہ میں مرکزی امیر حضرت مولانا حامد الحق حقانی صاحب مدظلہ کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں چاروں صوبوں سے جماعتی عہدیدارن نے بھرپور انداز میں شرکت کی۔اجلاس میں ملکی سیاسی و جماعتی صورتحال پرغوروخوض کیا گیا۔ ۱۳؍نومبر: زڑہ میانہ ضلع نوشہرہ میں منعقدہ ختم نبوت کانفرنس میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی ، اجتماع گاہ پہنچنے پر علمائے کرام اور مشران علاقہ نے بھرپور استقبال کیا۔
۱۴؍نومبر: جمعیت کے بزرگ رہنما و مرکزی نائب امیر مولانا بشیر احمدشاد صاحب علالت کے باوجود جامعہ تشریف لائے اور حضرت والد صاحب مدظلہ سے تفصیلی ملاقات کی۔۱۵؍نومبر: جامعہ کے دیرینہ متعلق حضرت مولانا سمیع الحق شہیدؒ کے دوست جناب وا وا خان مرحوم کی اہلیہ کی نماز جنازہ میں شرکت کے لئے تنگی چارسدہ تشریف لے گئے اور مرحومہ کے صاحبزادے مولانا دلاور خان حقانی و دیگر برادران سے تعزیت کی۔حضرت مولانا راشد الحق سمیع صاحب بھی ہمراہ تھے۔