نامور علمی و سیاسی شخصیت جناب اکرام اللہ شاہد صاحبؒ کی وفات
خیبر پختونخوا کی ایک اہم نامور علمی ،ادبی اور سیاسی شخصیت، جمعیت علمائے اسلام (س) کے رہنما اور سابق ڈپٹی اسپیکر صوبائی اسمبلی جناب اکرام اللہ شاہد صاحبؒ بھی گزشتہ دنوں ہمیں داغ مفارقت دے گئے(اناللہ وانا الیہ راجعون)آپ کی اچانک جدائی علمی ، ادبی ،سیاسی حلقوں کے لئے رنج و غم کا باعث ہے ۔ اللہ تعالیٰ ان کی کامل مغفرت فرمائے (آمین)
جناب اکرام اللہ شاہد صاحب ؒ خود بھی بڑے محقق ،ادیب ،مصنف ،وکیل اور معروف قانون دان تھے اور آپ کے والد حضرت علامہ مولانا مدرار اللہ مدرارنقشبندی صاحب ؒبھی اپنے وقت کے ایک عظیم علمی ،روحانی اور سیاسی قد آور شخصیت اور تحریک پاکستان کے نامور رہنماتھے۔قائداعظم اور دیگر چوٹی کے رہنماؤں نے کئی خطوط بھی آپ کے نام لکھے ہیں، آپ شیخ المشائخ حضرت مولانا خواجہ عبدالمالک صدیقیؒ کے اجل خلفاء میں سے تھے، قیام پاکستان سے قبل شیخ الاسلام حضرت علامہ شبیر احمد عثمانی ؒکی جمعیت العلماء میں شامل ہوئے اور تحریک آزادی وتحریک پاکستان میں صوبہ سرحد (خیبرپختونخوا)سے جمعیت العلماء کے ناظم اعلیٰ کی حیثیت سے بھرپور حصہ لیا اور حضرت علامہ شبیر احمد عثمانی ؒکے معتمد خاص رہے۔اس کے علاوہ ماہنامہ ’’الحق‘‘ کے ابتدائی برسوں میں آپ کے محققانہ مضامین تسلسل سے کافی عرصہ تک ماہنامہ ’’الحق‘‘ میں شائع ہوتے رہے، مرحوم اسپیکر صاحب اپنے والد کے کئی علمی ادبی کاموں کی تکمیل و اشاعت بیماری کے باوجود عمر کے آخری حصے تک کرتے رہے۔
آدھ درجن کتابیں اپنے والد صاحب کی وفات کے بعد مکمل کرکے شائع کیں۔آپ نے اُس دور میں اسلامائزیشن کیلئے بھرپور کاوشیں کیں۔عمر بھر جامعہ حقانیہ ، حضرت والد ماجد مولانا سمیع الحق صاحب شہیدؒ ، برادرم مکرم مولانا حامد الحق صاحب اور راقم کیساتھ خصوصی تعلق شفقت کا مظاہرہ فرماتے رہے، اپنی ہر نئی تصنیف و تالیف بذات خود مجھے عطا کرتے۔ ابھی کچھ دن پہلے میرے غریب خانے پر تشریف لائے تھے اور پھر وفات ہونے سے صرف دودن قبل ٹیلی فون پر مجھ سے آخری مرتبہ مشفقانہ گفتگو بھی کی تھی، آپ بڑے وضعدار ،مشفق، مہربان اور اعلیٰ صلاحیتیوں و اعلیٰ اخلاق کے مالک تھے، آپکے قابل فاضل فرزند جناب پروفیسر ڈاکٹر مشتاق احمد صاحب بھی ایک بڑی علمی شخصیت ہیں، کئی اہم محققانہ کتابوں کے مصنف ہیں،جامعہ حقانیہ اور حقانی خاندان اپنے بہت ہی مخلص اور مشفق ہمدرد و خیرخواہ کے بچھڑنے پر انکے پسماندگان جناب افتخار احمد،ڈاکٹر جواد احمد صاحبان سے دلی تعزیت کرتا ہے ۔