جمعیۃ التضامن الاسلامی افریقہ کے ساتھ جامعہ حقانیہ کا تعلیمی معاہدہ
جمعیۃ التضامن الاسلامیمغربی افریقہ کے قدیم تعلیمی اور دعوتی تنظیم ہے جس کی بنیاد ۱۹۷۹ء میں گیمبیا میں رکھی گئی ، جمعیت کا میدان عمل گیمبیا، گنی، بساؤ اور سینگال مغربی افریقہ کے ممالک ہیں،جمعیت کے مؤسس معروف داعی شیخ حطاب بوجانعؒ (متوفی ۱۹۸۴ء)ہیں، اس تنظیم کے ذیلی ادارے بھی ہیں جوکہ دعوت وتبلیغ، تعلیم و تربیت اور فلاح و بہبود کے میدانوں میں خدمات سرانجام دے رہے ہیں، یہ تنظیم وہاں کی اسکولوں اور مدارس کی نگرانی بھی کرتی ہے جس طرح ’’وفاق المدارس العربیہ‘‘ کی تنظیم پاکستان میں کرتی ہے ،یہ تنظیم مدارس کیلئے اساتذہ کی تقرری ،درسگاہوں کی تعمیر، علمی اور دعوتی کانفرنسوں کا انعقاد، تعلیم بالغان کیلئے کلاسوں کا انعقاد، تاجروں اور زمینداروں کی تربیت کا اہتمام بھی کرتی ہے۔۲۸ جنوری کوجمعیۃ التضامن الاسلامی کے صدر شیخ محمد امین توری اور گیمبیا کے سپریم اسلامی لیڈر جنہیں سرکاری طور پر مذہبی امور کے وزیر کا عہدہ بھی حاصل ہے، جامعہ دارالعلوم حقانیہ تشریف لائے، ان کے پاکستان دور ہ کے محرک و میزبان پیرسید زاہد شاہ گیلانی صاحب تھے، اللہ تعالیٰ نے انہیں تعلیم قرآن عام کرنے کا ذوق بلکہ عشق عطا فرمایا ہے۔ مہمانوں نے جامعہ دارالعلوم حقانیہ کانظام تعلیم کا غور سے جائزہ لیا، درسگاہوں،دفاتر اور دارالحدیث کا دورہ کیا۔ شیخ عیسیٰ صاحب (وزیر مذہبی امور) تعلیمی لحاظ سے ایک ایک چیز کے بارے میں پوچھتے اور امتحانات کانظام بھی معلوم کیا، مولانا حبیب صاحب نے انہیں تفصیلات سے آگاہ کیا اورجامعہ ونظام تعلیم پر خصوصی بریفنگ دی۔
محترم جناب پیرسید زاہد شاہ گیلانی صاحب کی خواہش اورکوشش تھی کہ ان کا دارالعلوم حقانیہ کے ساتھ تعلیمی معاہدہ ہوجائے جس کے تحت یہاں سے اساتذہ قرآن و حدیث کی تعلیم عام کرنے کیلئے وہاں جائیں، اسی طرح شیخ عیسیٰ صاحب کی بھی خواہش تھی کہ گیمبیا اور مغربی افریقہ کے دیگر ممالک میں بھی پاکستان و دارالعلوم حقانیہ کے مدارس کی طرح دورہ حدیث کا اہتمام ہولہٰذا دونوں اداروں کے درمیان جناب سید زاہد گیلانی صاحب، مولانا حبیب اللہ شاہ صاحب کے ذریعے ایک معاہدہ طے پایا جس پر راقم نے دارالعلوم کی طرف سے دستخط کئے ہیں۔ان شاء اللہ آئندہ ماہ ستمبر میں حقانی فضلاء کا پہلا گروپ افریقہ جارہاہے، یوں دارالعلوم کے تعلیمی و روحانی ثمرات اب براعظم افریقہ کے صحراؤں اور جنگلوں میں بھی پھیل سکیں گے مَثَلًا کَلِمَۃً طَیِّبَۃً کَشَجَرَۃٍ طَیِّبَۃٍ اَصْلُھَا ثَابِتٌ وَّ فَرْعُھَا فِی السَّمَآئِ