جامعہ دارالعلوم حقانیہ کے شعبہ تخصصات میں بین الاقوامی علما و مشائخ کی آمد
دارالعلوم کے شب و روز
صاحبزادہ عبدالحق ثانی
4؍ستمبر بعد از نماز مغرب برطانیہ کے معروف عالم دین و محقق حضرت مولانا حافظ محمد اقبال رنگونی (مانچسٹر)شیخ الحدیث حضرت مولانا عبدالقیوم حقانی صاحب مدظلہ کے ہمراہ جامعہ دارالعلوم حقانیہ تشریف لائے۔شعبہ تخصصات میں مدیر’’الحق‘‘حضرت مولانا راشد الحق سمیع صاحب اور مشرف تخصص فی التفسیر مولانا سید حبیب اللہ شاہ حقانی صاحب نے مہمانوں کا استقبال کیا اور انہیں خوش آمدید کہا ، مولانا راشد الحق صاحب نے معزز مہمان کا تعارف کرواتے ہوئے کہاکہ مولانا حافظ محمد اقبال رنگونی صاحب برطانیہ کے ممتاز علمائے کرام اور اصحاب قلم میں شمار ہوتے ہیں، مفکر اسلام حضرت مولانا علامہ ڈاکٹر خالد محمودؒ کے تربیت یافتہ ہیں اور ایک عرصہ تک اسلامک اکیڈمی مانچسٹر میں ان کے رفیق کار رہے ہیں۔ اب چند سالوں سے انہوں نے ’’اشاعت الاسلام ‘‘کے نام سے مانچسٹر میں ہی ایک الگ ادارہ قائم کیا ہے۔ ماہنامہ ’’الحق‘‘میں آپ کے گرانقدر مضامین بھی شائع ہوتے رہے ہیں۔ آپ ماہنامہ ’’الہلال ‘‘کے نام سے ایک دینی و علمی جریدہ بھی نکال رہے ہیں ، اس کے علاوہ متعدد موضوعات پر ان کی تصنیفات دینی رہنمائی کا ذریعہ بن رہی ہیں۔بعد ازاں مدیر’’الحق‘‘مولانا راشد الحق سمیع صاحب نے حضرت مولانا عبدالقیوم حقانی مدظلہ کو شرح صحیح مسلم (۲۳جلد)کی تکمیل پر مبارکباد دی اورحقانی صاحب کی خدمات کو سراہا۔ حضرت حقانی صاحب مدظلہ نے اپنے خطاب میں اپنے اس عظیم علمی کا رنامے ’’شرح مسلم‘‘کو جامعہ دارالعلو م حقانیہ ،شیخ الحدیث حضرت مولانا عبدالحق ؒاور شیخ الحدیث حضرت مولانا سمیع الحق شہیدؒ کا فیض قرار دیا نیز فرمایا کہ حیات و خدمات: شیخ الحدیث مولانا سمیع الحق شہیدؒ کی تیسری جلد بھی منظر عام پر آگئی ہے ۔حافظ رنگونی صاحب جامعہ ابوہریرہ تشریف لائے تو دونوں کتابوں کی تقریب رونمائی کی گئی۔ حافظ رنگونی صاحب نے تخصصات کے شرکا سے ایک جامع خطاب بھی فرمایا۔بعد ازاں حضرت مولانا راشد الحق سمیع کی رہائشگاہ میں مہمانوں کو عشائیہ دیا گیا۔ صاحبزادہ مولانا محمد قاسم حقانی اور مولانا گل رحمن صاحب بھی ہمراہ تھے۔
وفاق المدارس العربیہ کے ترجمان مولانا عبدالقدوس محمدی صاحب کی دارالعلوم آمد
۲۳؍اکتوبر کو اسلام آباد کے معروف مثالی دینی و تعلیمی ادارہ محمدی مسجد کے مہتمم و روح رواں اور وفاق المدارس العربیہ کے مرکزی ترجمان جناب مولانا عبدالقدوس محمدی صاحب اپنے ادارہ کے پندرہ رکنی وفد کے ہمراہ دارالعلوم حقانیہ کا مطالعاتی دورے کے لئے تشریف لائے۔ آپ کے ہمراہ آپ کے چھوٹے بھائی حضرت مولانا عبدالروف محمدی بھی شامل تھے۔ وفد میں جامعہ محمدی کے اساتذہ، علمائے کرام ، ناظمین اوراس کی شاخوں کے نگران حضرات ہمراہ تھے۔مدیر ’’الحق‘‘ مولانا راشد الحق سمیع صاحب نے اپنے دفتر میں مہمانوں کا استقبال کیا اوران سے تفصیلی ملاقات کی اورانہیں جامعہ کے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ بعدازاں انہیں دارالتدریس کے تمام شعبہ جات دکھائے گئے اور شعبہ تخصصات میں علما سے ان کا تعارف کروایا۔ مولانا عبدالقدوس محمدی صاحب نے تخصص فی الدعوہ میں طلبا سے مختصر مگر پراثر خطاب فرمایا۔ بعدازاں مہمانوں کو ایوان شریعت ہال اوردیگر شعبہ جات کامولانا راشد الحق سمیع صاحب نے دورہ کروایا ۔وفد نے جامعہ کے مہتمم شیخ الحدیث حضرت مولانا انوار الحق صاحب اور نائب مہتمم صاحب حضرت مولانا حامد الحق حقانی صاحب سے ان کے دفاتر میں ملاقات کی۔ وفد نے دارالعلوم کے نئے مکتبہ ، شعبہ حفظ ، حقانیہ کالج اوردیگر شعبہ جات کا بھی وزٹ کیا۔ ۔ یاد رہے کہ مولانا عبدالقدوس محمدی صاحب نہایت باصلاحیت ،اور متعدد صفات کی حامل شخصیت ہیں، عصر حاضر کے تمام تقاضوں اور ضروریات سے اپنے فارغ التحصیل علماء کو فیض یاب کرارہے ہیں اور کم وقت میں انہوں نے اسلام آباد رالپنڈی میں متعدد معیاری برانچیں قائم کردی ہیں۔