جامعہ دارالعلوم حقانیہ میں تقریب ختم بخاری و دستاربندی
20 جنوری 2025بروز پیر جامعہ دارالعلوم حقانیہ میں تقریب ختم بخاری و دستاربندی کی مختصر پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس سال دارالعلوم حقانیہ سے فارغ التحصیل علمائے کرام کی تعداد سولہ سو رہی، فارغ التحصیل ہونے والوں میں شعبہ درس نظامی ،شعبہ تخصصات،شعبہ حفظ ،شعبہ بنات سمیت متعدد شعبوں میں ڈگریاں مکمل کرنے والے طلبا شامل تھے،اس پروقار تقریب سے حضرت مولانا فضل الرحمن صاحب نے طلباء سے خطاب فرمایا اور فارغ التحصیل طلبہ کو مبارکباد دی۔اس پرنورتقریب میں بخاری شریف کی آخری حدیث کا درس شیخ الحدیث حضرت مولانا انوار الحق صاحب مہتمم جامعہ دارالعلوم حقانیہ نے دیا ۔ تقریب سے جامعہ دارالعلوم حقانیہ کے نائب مہتمم حضرت مولانا حامد الحق حقانی صاحب مدظلہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دینی مدارس سے مسلمانوں کا تشخص اور اسلامی شعور زندہ ہے،اس شعور، خودداری، جذبہ حریت اور اپنے تہذیب اور مذہب کا دفاع ہی مسلمانوں کا اصل سرمایہ ہے جو ان مدارس کی تعلیم کا مرہون منت ہے۔ تقریب کے اختتام پر شیخ الحدیث مولانا محمد ادریس نے اجتماعی دعا کی اور ملک عزیز پاکستان میں امن و استحکام اور خوشحالی ،امت مسلمہ کی وحدت اوراہل اسلام کے لئے خصوصی طورپر دعاؤں کا اہتمام کیا۔
حضرت مولانا حامد الحق حقانی رابطہ عالم اسلامی کے مشیر مقرر
جمعیت علما اسلام (س) کے امیر اور جامعہ دارالعلوم حقانیہ کے نائب مہتمم حضرت مولانا حامد الحق حقانی مدظلہ رابطہ عالم اسلامی کے مشیر مقررہوگئے۔ رابطہ عالم اسلامی کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب میں مولانا حامد الحق حقانی Adviser to Muslim World League نے انٹرنیشنل اسلامک فقہ اکیڈمی جدہ(مجمع الفقہ الاسلامی) کے ساتھ مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے۔ اس ادارے کے سربراہ امام کعبہ شیخ صالح بن حمید حفظہ اللہ ہے جو کہ شہید اسلام حضرت مولانا سمیع الحقؒ کے دیرینہ دوست رہے ہیں۔ مفاہمتی یادداشت پر رابطہ عالم اسلامی کی جانب سے رکن و مشیر رابطہ مولانا حامد الحق حقانی و مجمع الفقہ الاسلامی (انٹرنیشنل اسلامک فقہ اکیڈمی)کی جانب سے ادارے کے سیکرٹری جنرل جناب قطب مصطفی سانو نے دستخط کیے۔ دستخطی تقریب کے میزبان سیکرٹری جنرل رابطہ عالم اسلامی جناب دکتور محمد بن عبد الکریم العیسی صاحب اور سعودی سفیر نواف سعید المالکی صاحب تھے۔بعدازاں او آئی سی کے سیکرٹری جنرل حسین ابراہیم طہ صاحب اور رابطہ عالم اسلامی کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر عبدالکریم العیسی اور دیگر بین الاقوامی مندوبین و مذہبی سیاسی قائدین و علمائے کرام سے حضرت مولانا حامد الحق حقانی صاحب مدظلہ اور مدیر ماہنامہ ’’الحق‘‘ مولانا راشد الحق سمیع نے اسلام آباد میں ملاقاتیں کیں ۔
تقریب رونمائی اشاعت خاص ماہنامہ ’’الحق‘‘ مولانا عبد القیوم حقانی ’’ حیات و خدمات‘‘
۱۶جنوری بروز جمعرات کو جامعہ ابوھریرہ خالق آباد نوشہرہ میں ماہنامہ ’’الحق‘‘کی خصوصی اشاعت شیخ الحدیث حضرت مولانا عبد القیوم حقانی صاحب ’’حیات و خدمات‘‘کی تقریب رونمائی ہوئی جس میں جامعہ ابوہریرہ کے اساتذہ کے علاوہ نائب مہتمم جامعہ دارالعلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک حضرت مولانا حامد الحق حقانی صاحب اور مدیر ’’الحق ‘‘حضرت مولانا راشد الحق سمیع مدظلہ نے خصوصی شرکت کی اور خطاب فرمایا۔ بعدازاں مدیرالحق اور نائب مہتمم جامعہ دارالعلوم حقانیہ نے شیخ الحدیث حضرت مولانا عبدالقیوم حقانی صاحب کو ان کی علمی ،دینی ، تصنیفی ،تالیفی اور احادیث کی جلیل القدر کتاب صحیح مسلم کی شرح کی خدمات کے اعتراف پر جامعہ دارالعلوم حقانیہ کی طرف سے اعزازی شیلڈ بھی پیش کی ۔
حضرت مولانا حامد الحق حقانی سے مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر محمد علی سیف کی ملاقات
14 جنوری : مشیر اطلاعات کے پی بیرسٹر محمد علی خان سیف نے دارالعلوم حقانیہ کا تفصیلی دورہ کیا اور جمعیت علما اسلام(س) کے امیر و نائب مہتمم جامعہ دارالعلوم حقانیہ مولانا حامد الحق حقانی سے ملاقات کی۔ دونوں رہنماؤں نے ملکی سیاسی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا، بالخصوص صوبہ خیبرپختونخوا کی صورتحال پر گفتگو کی۔مولانا حامد الحق حقانی نے مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف کے صوبے میں امن وامان ، خصوصاً کرم میں شیعہ سنی تنازع کو پرامن طریقے سے حل کرنے میں کردار پر خراج تحسین پیش کیا ، اور صوبائی حکومت کو یقین دلایا کہ دارالعلوم حقانیہ نے ہمیشہ فرقہ واریت سے بالاتر ہوکر شیعہ سنی سمیت دیگر مسالک کے درمیان ہم آہنگی کے لئے کوششیں کی ہیں اور اس تنازع میں بھی بھرپور کردار ادا کریں گے۔ بعد ازاں مدیر’’الحق ‘‘ مولانا راشد الحق سمیع سے تفصیلی ملاقات اور تبادلہ خیال کیا۔ مولانا راشد الحق سمیع نے انہیں دارالعلوم حقانیہ کے مختلف شعبہ جات ،تعمیراتی منصوبوں، جدید جامع مسجد مولانا عبدالحق ، ایوان شریعت ہال،جدید اکیڈمک بلاک سمیت مختلف منصوبوں پر بریفنگ دی۔ اس کے ساتھ انہوں نے جدید مرکزی لائبریری ،دفاتر،کمپیوٹر لیب،شعبہ تخصصصات اور درسگاہوں کا دورہ کیا۔ بیرسٹر سیف کے ہمراہ صحافیوں سمیت محمد اسرار مدنی اور مولانا تحمید جان ازہری بھی ہمراہ تھے۔مشیر اطلاعات نے بانی دارالعلوم حقانیہ شیخ الحدیث مولانا عبدالحق اور مولانا سمیع الحق شہید کو خراج تحسین پیش کیا اورجامعہ کے طلبا سے خطاب بھی کیا۔انہوں نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ دارالعلوم حقانیہ صرف کے پی نہیں بلکہ جنوبی ایشیا کا بڑا دینی ادارہ ہے۔ جامعہ حقانیہ کے علمی کردار کی پوری دنیا معترف ہے ۔ حکومت خیبر پختونخوا جامعہ حقانیہ کے کردار کو خراج تحسین پیش کرتا ہے اور اس کے ساتھ تعلق کوعزت و احترام کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ جامع مسجد مولانا عبدالحق ؒاور جدید اکیڈمک بلاک اسلامی طرز تعمیر کی منفرد مثال ہے ،دارالعلوم حقانیہ کے لائبریری انتظامات ،تعلیمی کارکردگی کسی بھی اعلی یونیورسٹی سے کم نہیں۔انہوں نے طلبا سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ یہ دور علم اور دلیل کا ہے اور دلیل اور قوت استدلال ہی سے ہم دنیا کو متاثر کرسکتے ہیں۔ اس کے لئے علم اور اس کے ذرائع پر بھرپور توجہ کی ضرورت ہے۔ اسلام تکریم انسانیت کا درس دیتا ہے ، اس درسگاہ اور تعلیم کا بنیادی مقصد دعوت فکر وعمل ، پرامن اور مہذب معاشرے کی تشکیل ہے۔ مولانا راشد الحق سمیع (منتظم اعلیٰہ نے انہیں جامعہ حقانیہ کی مطبوعات پیش کیں اور اعزازی شیلڈ پیش کی۔ اس موقع پر مولانا اسامہ سمیع ، مولانا خزیمہ سمیع، مولانا عبدالحق ثانی،صاحبزادہ محمد احمد و دیگر بھی موجود تھے۔
حضرت نائب مہتمم صاحب مدظلہ کی مصروفیات
۵۔۶؍جنوری: والد محترم حضرت مولانا حامد الحق حقانی صاحب مدظلہ ،امیر جمعیت علمائے اسلام پاکستان ونائب مہتمم جامعہ دارالعلوم حقانیہ تین روزہ دورے پر جنوبی پنجاب تشریف لے گئے جہاں حافظ الحدیث جامعہ عبداللہ بن مسعود ؓ خانپور ضلع رحیم یار خان کی سالانہ جلسہ دستاربندی میں بطور مہمان خصوصی شرکت و خطاب فرمایا۔بعد ازاں دین پور شریف میں حضرت مولانا میاں مسعود دین پوری صاحب سے ملاقات کی اور دین پور شریف کے قبرستان میں حضرت مولانا عبیداللہ سندھیؒ ،حضرت مولانا عبداللہ درخواستی ؒ و دیگر اکابرین امت کی قبور پر فاتحہ خوانی کی۔
٭ ملتان میں جمعیت ملتان کے امیر قاری سعید احمد رحیمی کی رہائش گاہ پر جمعیت علمائے اسلام ملتان کے اجلاس میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔
۷جنوری: لاہور میں جمعیت علمائے اسلام لاہور کے اجلاس میں بطور مہمان خصوصی شرکت فرمائی۔اس سفر میں مولانا سید یوسف شاہ صاحب اور راقم عبدالحق ثانی ہمراہ تھے۔
۱۰؍جنوری: رابطہ عالم اسلامی کے زیراہتمام اسلام آباد میں خواتین کی تعلیم کے موضوع پر تین روزہ عالمی کانفرنس میں شرکت کی اور قومی و بین الاقوامی رہنماؤں سے ملاقاتیں کیں۔
۱۶؍جنوری: والد محترم حضرت مولانا حامد الحق حقانی صاحب مدظلہ نائب مہتمم جامعہ دارالعلوم حقانیہ نے حضرت مولانا عبدالقیوم حقانی صاحب مدظلہ کے ادارے جامعہ ابوہریرہ خالق آباد نوشہرہ کی سالانہ تقریب ختم بخاری دستار بندی میں شرکت کی اور خطاب فرمایا۔
۲۴؍جنوری: جمعیت علمائے اسلام (س) کے دیرینہ رہنمااور جامعہ تحفیظ القرآن مردان کے بانی حضرت مولانا حافظ حسین احمد مرحوم کے پوتے مولانا مامون الرحمن حقانی کی تقریب دستاربندی میں شرکت کے لئے مردان تشریف لے گئے جہاں بطور مہمان خصوصی تقریب میں شرکت کی اور خطاب فرمایا۔
۲۷جنوری: خیبرپختونخوا ہاؤس اسلام آباد میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا جناب علی امین گنڈا پور صاحب کی جانب سے مذہبی سیاسی جماعتوں کے قائدین کیساتھ ایک مشاورتی نشست کا اہتمام کیاگیا جس میں حضرت مولانا حامد الحق حقانی مدظلہ نے شرکت کی اور قومی و صوبائی حالات پر تجاویز پیش کیں ۔
۲۹جنوری: شیخ الحدیث حضرت مولاناعبدالحق ؒ کے نواسے حضرت مولانا اشرف علی قریشیؒ کے صاحبزادے حضرت مولانا ارشد علی قریشی کے ادارے جامعہ اشرفیہ بجوڑی گیٹ پشاور کی سالانہ تقریب ختم بخاری و دستاربندی میں شرکت کی اور خطاب فرمایا۔ تقریب سے شیخ الحدیث حضرت مولانا انوارا لحق صاحب مدظلہ ،شیخ الحدیث حضرت مولانا محمد ادریس، حضرت مولانا عبدالقیوم حقانی، حضرت مولانا یوسف شاہ کے علاوہ دیگر نے بھی خطاب فرمایا۔
۳۰ جنوری: خیبرپختونخوا کے گورنر جناب فیصل کریم کنڈی صاحب نے مولانا حامد الحق حقانی صاحب مدظلہ سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور موجودہ ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا اور آنے والے دنوں میں گورنر ہاؤس پشاور میں منعقد ہونے والی کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی۔
۲۱جنوری: حضرت نائب مہتمم صاحب مدظلہ کے خادم مولانا عنایت الرحمن کی تقریب دستار بندی میں شرکت فرمائی۔
جامعہ دارالعلوم حقانیہ میں پورا سال خدمت کرنے والے طلباء کے لیے عشائیے کا پروگرام
طلبہ کرام کے اعزاز میں ایک عشائیے کا اہتمام کیا گیا جنہوں نے پورے سال جامعہ کی صفائی و دیگر خدمات سرانجام دی تھیں۔ یہ پروگرام صاحبزادہ حافظ محمد احمد کی میزبانی میں منعقد ہوا، صاحبزادہ محمد احمد نے طلبہ کرام کے اعزاز میں عشائیہ دیا اور طلباء کو قیمتی نصائح سے نوازا ۔