مبصر:مولانا محمد اسلام حقانی
نائب مدیر ماہنامہ الحق
جدید فقہی مسائل
تالیف مولانا مفتی خالد سیف اللہ رحمانی
ضخامت ۶جلد ۲۹۸۳ صفحات /ناشر زمزم پبلشرز کراچی
حضرت مولانا خالد سیف اللہ رحمانی صاحب عصر حاضر کے ایک ممتاز و مقبول عالم دین، جید مدرس و مفتی اور ماہر فقیہ ہیں، اسلامک فقہ اکیڈمی انڈیا کے روح رواں، ندوۃالعلما اور دار العلوم دیوبند کے رکن شوری اور علمی مجلہ سہ ماہی ’’بحث ونظر‘‘ کے مدیر بھی ہیں، آپ ایک نامور محقق و مصنف ہونے کے ساتھ ہر دلعزیز علمی شخصیت بھی ہیں، متعدد موضوعات پر آپ نے متعدد کتابیں لکھیں ہیں جس میں قرآن کریم اور اس کے متعلقات، حدیث اور اس کے متعلقات، سیرت نبوی اور دیگر معاشرتی موضوعات وغیرہ قابل ذکر ہے تاہم آپ کا خاص موضوع فقہ اسلامی ہے اور ان کی تصنیفی زندگی کا آغاز بھی اسی موضوع سے ہوا، جدید فقہی مسائل کو انہوں نے اپنی تحقیق کا موضوع بنایا اور متعدد تحقیقات پیش کیں، فقہ کے موضوع پر لکھی جانے والی تحریروں میں آپ ائمہ اربعہ کے علاوہ صحابہ و تابعین اور محدثین کی آرا سے استفادہ فرما کر ائمہ کی آرا کے درمیان تطبیق و ترجیح سلیقے سے پیش فرماتے ہیں مقاصد شریعت کی رعایت کرتے ہوئے مسائل کے حل میں عرف و زمانہ کا خیال رکھتے ہیں، دلائل کی بنیاد پر ضرورت پڑنے کی صورت میں نہایت احتیاط کے ساتھ ائمہ احناف کے علاوہ دوسرے قول پر فتوی دیتے ہیں آپ مسائل کی تحقیق میں اجتہادی شان رکھتے ہیں۔ اجتہاد، تقلید، تلفیق، دیگر دبستان فقہ سے استفادہ، اجتماعی اجتہاد، جیسے موضوعات پر آپ نے کئی تحقیقی مقالات لکھے ہیں جس میں آپ کی فکر پوری طرح واضح ہو کر سامنے آتی ہے، فقہ کے موضوع پر مولانا کے قلم سے بڑا علمی سرمایہ تیار ہوگیا ہے، جس میں کتاب الفتادی (چھ جلد)آپ کے فتاوی کا مجموعہ ہے، اس کی مزید کئی جلدیں زیر ترتیب ہیں، ’’قاموس الفقہ‘‘ (پانچ جلد)حروف تہجی کے اعتبار سے شرعی مسائل کا ایک شاہکار انسائیکلوپیڈیا ہے۔
زیر تبصرہ کتاب ’’جدید فقہی مسائل‘‘ بھی آپ کی فقہی تصنیفات کے سلسلے کی ایک حسین کڑی ہے، اس کتاب کو علمی دنیا میں جو پذیرائی ملی وہ کم کتابوں کو ملی ہوگی، یہ پہلے دو جلدوں میں شائع ہوئی تھی، اب زمزم پبلشرز کراچی کے ارباب اہتمام نے اسے چھ جلدوں میں شائع کرنے کی سعادت حاصل کی، یہ بڑی مفید اور اپنے موضوع پر منفرد کتاب ہے جس میں مصنف کی وسعت مطالعہ، دقت نظر، مسائل حاضرہ سے واقفیت اور ان کے حل کی مخلصانہ فکر اور سب سے بڑھ کر یہ کہ اسلاف کے نقش قدم پر چلنے کا جذبہ نمایاں ہے، اس کتاب میں انہوں نے معاشرتی تبدیلیوں اور سائنس و ٹیکنالوجی کی ترقی سے پیدا شدہ نئے مسائل کو نہایت علمی انداز میں حل کرنے کی کوشش کی ہے اور متنوع موضوعات مثلا ایمانیات، عبادات، معاملات، اخلاقیات، سماجی، معاشی، طبی اور جدید ذرائع ابلاغ سے متعلق مسائل کو حل کرکے امت کی شرعی و دینی رہنمائی کی ہے، اس میں جدید مسائل پر آپ کی وقیع تحریریں اور مقالات بھی شامل کئے گئے ہیں، یہ فقہی شاہکار ہر لائبریری اور ہر دار الافتاء کی ضرورت ہے، اس سے اہل علم اور عامہ الناس دونوں یکساں طور پر مستفید ہوسکتے۔