کشف الامانی فی حیاۃ المحدث البغلانی

مبصر: مولانا سید حبیب اللہ شاہ حقانی

نائب مدیر ماہنامہ الحق

کشف الامانی فی حیاۃ المحدث البغلانی

تالیف : مفتی امان اللہ ثابت
ضخامت: ۱۴۴ صفحات ناشر:

مکتبہ مجمع الانوار کابل افغانستان

مولانا مفتی امان اللہ ثابت جامعہ دارالعلوم حقانیہ کے فاضل ہیں،کئی علمی کتابوں کے مصنف اور مولف بھی ہیں، زیرتبصرہ کتاب کشف الامانی میں مؤلف موصوف نے مشہور محدث اوراصحابِ صحاح کے استاد امام قتیبہ بن سعید بغلانی ؒ (۲۴۰ھ) کے حالات کو نہایت جامع انداز میں مرتب کئے ہیں۔کتاب تین حصوں پر مشتمل ہے ،پہلے حصے میں نام ونسب،صورت،سیرت، اقتصادی حالت، شوق عبادت، درس و تدریس، علمی اسفار،ائمہ جرح و تعدیل کی نظر میں اساتذہ و تلامذہ اوردیگر اہم عنوانات پر بحث کی گئی ہے، دوسرے حصے میں امام قتیبہ بن سعیدؒ کے مزار کی طرف کابل سے بغلان تک کے سفر کے احوال ہیں، جہاں مؤلف نے مزار کے قریب نسائی شریف کی پہلی حدیث پڑھی، دوبارہ سفر میں جامع ترمذی کی پہلی حدیث اوراس کی تشریح پڑھی۔تیسرے حصے میں حضرت امام قتیبہ ؒ سے مروی مختلف موضوعات پر چہل احادیث کو جمع کیا ہے جس میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی شجاعت، سخاوت، شفقت، تواضع، مہر نبوت،آسان ولیمہ، منبر مدینہ منورہ سے محبت، عبادت،تعلیم استخارہ، مواخات وغیرہ سے متعلق احادیث ہیں۔بہرحال! مولانا امان اللہ ثابت صاحب نے نہایت جانفشانی سے مواد کو مختلف کتب حدیث و تاریخ سے جمع کیا ہے۔ حدیث،علم حدیث اور تاریخ سے محبت رکھنے والے اصحاب علم کے لئے یہ کتاب بیش بہاتحفہ ہے مگر اس سے صرف پشتودان طبقہ ہی مستفید ہوسکتا ہے کیونکہ کتاب پشتو میں ہے۔ امید ہے کہ مؤلف دیگر زبانوں بالخصوص اردو میں اس کے ترجمہ کا بندوبست کریں گے