قرآنی تصویر سازی (التصویر الفنی فی القرآن)

مبصر:مولانا محمد اسلام حقانی
نائب مدیر ماہنامہ الحق

قرآنی تصویر سازی (التصویر الفنی فی القرآن)

ترجمہ و تلخیص: مولانا مفتی انور خان سالارزئی

ضخامت: ۳۰۱ صفحات
ناشر: المنہل پبلشرز جمشید روڈ بنوری ٹاؤن کراچی

قرآن کریم عظیم الشان اور مقدس کتاب الٰہی ہے جو پوری انسانیت کے لئے ہدایت کا سرچشمہ ہے، اس کی تلاوت باعث اجر وثواب ، اس پر عمل کرنا باعث نجات اور اس پر غور و تدبر ترقی کا وسیلہ ہے جو قوم اسے تھام لیتی ہے وہ رفعت وبلندی کے اعلی ترین مقام پر فائز ہوجاتی ہے، یہ مقدس کتاب دستور حیات ، ضابطہ زندگی اور انسانیت کو صراط مستقیم دکھلانے کا پروانہ ہدایت ہے اور ساتھ یہ مقدس کتاب الٰہی فصاحت و بلاغت کی شاہکار بھی ہے، قرآن کے بیشمار علوم و معارف، حکم و عبر، رموز و اسرار، اسلوب و ادبیت پر مختلف زبانوں میں بے شمار کتابیں،مقالات اور مضامین لکھے گئے ہیں اور اس پر خامہ فرسائی کا سلسلہ تاہنوز جاری ہے۔ اس سلسلے کی ایک حسین کڑی مصر کے جید عالم و مفسر علامہ سید قطب شہیدؒ کی عربی زبان میں لکھی گئی شاہکار کاوش التصویر الفنی فی القرآن بھی ہے جس میں سید قطب شہیدؒ نے قرآن کے اسلوب بیان، فصاحت وبلاغت اور ادبی پہلوؤں پر نہایت علمی اور شگفتہ انداز سے روشنی ڈالی ہے اور قرآن کے فنی محاسن پر تفصیل سے بحث کی ہے، علامہ سید قطب شہید مصر میں اخوان المسلمین کے رہنماء ہونے کے ساتھ ایک صاحب اسلوب ادیب، نامور مصنف، جید محقق اور فعال و متحرک شخصیت کے مالک بھی تھے، سید قطب شہیدؒ کا قلم قرآن کے موضوع پر بڑی پختگی اور خوداعتمادی کے ساتھ چلتا ہے،فی ظلال القرآن آپ کی مشہور تفسیر ہے۔
زیرتبصرہ کتاب میں بھی آپ نے قرآن کریم کے مناظر کی فنی نقشہ کشی کی ہے ،
آپ کی یہ کتاب عربی میں تھی اس کے کچھ اردو تراجم پہلے بھی ہوچکے ہیں۔ ’’قرآنی تصویر سازی‘‘ بھی اردو ترجمہ اور تلخیص ہے، اردو ترجمہ اور تلخیص کی سعادت مولانا مفتی انور خان سالارزئی صاحب نے حاصل کی، مترجم موصوف خیبرپختونخوا کے یوسفزئی قبیلہ کی ذیلی شاخ سالارزئی بونیر سے تعلق رکھتے ہیں، آپ جید عالم دین، وسیع المطالعہ محقق، بہترین مدرس ہیں، انہیں اردو، عربی، فارسی، پشتو، انگریزی زبانوں پر بھی عبور حاصل ہے، آپ ایک بلند پایہ مصنف و مترجم بھی ہیں، آپ کی کئی کتابیں منظر عام پر آئی ہیں جس نے اہل علم سے داد تحسین حاصل کرچکی ہیں ،آپ کی چند تالیفات مثلاً ’’تفاسیر اور مفسرین‘‘، ’’دور حاضر کے مذاہبِ اور فرقے‘‘، ’’آپ علم کیسے حاصل کریں؟‘‘، العرف الوردی شرح الترمذی، ’’قرآنی تصویر سازی‘‘ قابل ذکر ہیں،آپ فن ترجمہ میں مہارت رکھتے ہیں، یہ کتاب اس کا بین ثبوت ہے کہ آپ نے اس کتاب کا ترجمہ اور تلخیص اس انداز سے کیا ہے کہ قاری کو اس پر ترجمے کا گماں نہیں ہوتا، اللہ تعالیٰ آپکی اس کاوش کو قبولیت سے نوازے (آمین)