علم الصرف (جامع)
مبصر:مولانا محمد اسلام حقانی
نائب مدیر ماہنامہ الحق
علم الصرف (جامع)
مؤلفین : مولانا عبد المنان، مولانا رسالت خان، مولانا عبد الرؤف
ضخامت:۴۸۶ صفحات/ناشر: مکتبہ عمر فاروق شاہ فیصل کالونی کراچی ۔03149600090
ادب عربی میں علم الصرف کی اہمیت کسی ذی شعور سے مخفی نہیں، اس علم میں کلمہ کی ذات سے بحث ہوتی ہے اور کلام عربی کی شکل و صورت کے درست مفاہیم و مقاصد کو پہچانا جاتا ہے، اس علم کی اہمیت کے پیش نظر اہل علم و قلم نے اس علم و فن میں مختلف زبانوں میں مختلف اوقات میں متعدد کتابیں تصنیف کیں ہیں، ہمارے ہاں برصغیر پاک و ہند کے دینی مدارس میں درس نظامی کے تحت اس فن کے کئی کتابیں شامل نصاب ہیں اور بڑے اہتمام
کے ساتھ وہ کتابیں پڑھی اور پڑھائی جاتی ہیں، موجودہ زمانہ میں طلباء کی استعداد اور صلاحیتیں کمزور ہونے کی بنا پر فنون کی مغلق کتابوں سے استفادہ ان کے لئے مشکل ہوتا جا رہا ہے تو علماء نے اس ضرورت کے تحت سہل سے سہل انداز میں یہ قواعد، ضوابط، قوانین اور اصول کتابی صورت میں پیش کرنی کی کوشش کی ہے، اس سلسلہ میں علمائے کرام نے کافی کام کیا ہے اور متعدد کتابیں لکھیں ہیں، اس سلسلے کی ایک حسین کڑی مولانا عبد المنان، مولانا محمد رسالت خان، مولانا عبد الرؤف صاحباں کی مشترکہ کاوش علم الصرف جامع بھی ہے۔
زیر تبصرہ کتاب ’’علم الصرف جامع‘‘ میں مؤلفین کرام نے علم صرف کی تمام بنیادی قواعد، قوانین، اصول و ضوابط، ضروری مباحث اور اصطلاحات کو نہایت سہل انداز میں نقشوں اور جداول اور لوحات کے ایک نئی اختراعی انداز میں ڈال دیا گیا ہے، اصول و قواعد کے سمجھانے کیلئے ہر قانون کے تحت حصہ مطالعہ، مواضع اجراء، و تمرنیات کا خصوصی اضافہ کیا ہے، طلبہ کی سہولت اور مختلف کلمات کی نشاندہی کیلئے مختلف رنگوں کا استعمال کیا گیا ہے، بہت ساری خصوصیات پر مشتمل یہ کاوش علم الصرف سے مناسبت رکھنے والے اساتذہ اور طلبہ کے لئے جامع گلدستہ اور انمول تحفہ سے کم نہیں، شیخ الحدیث حضرت مولانا مغفور اللہ (باباجی) ،حضرت مولانا فیض الرحمن ،حضرت مولانا الطاف الرحمن عباسی صاحبان کی تقریظات نے اس کتاب کی ثقاہت میں اضافہ کیا ہے، یہ کاوش سب کے لئے یکساں مفید ہے۔